ملکی معیشت پر قومی ایجنڈا تشکیل دینے کی ضرورت ہے،صدرکاٹی

ملکی معیشت پر قومی ایجنڈا تشکیل دینے کی ضرورت ہے،صدرکاٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی( اکنامک رپورٹر ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر دانش خان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا ، سینئر نائب صدر فراز الرحمن اور نائب صدر ماہین سلمان نے کہا ہے کہ حکومت کو افراط زر اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہییں۔ کاٹی کے صدر دانش خان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اگلے برس جون تک افراط زر 14فیصد تک پہنچ جائے گا، ایسی صورت حال میں عوام اور بزنس کمیونٹی کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ دانش خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت پر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ایک قومی ایجنڈا تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے انتخابات میں کام یابی کے بعد صنعت کاروں اور تاجر برادری کے بنیادی مسائل پر توجہ دینے کا عندیہ دیا تھا، ہمیں ان سے توقعات وابستہ ہیں کہ وہ اس سلسلے میں پیش رفت کے لیے اقدامات کریں گے۔ زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ ہوگیا صنعتیں بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کا سامنا کررہی ہیں، جس کے باعث پاکستان کی برآمدات براہ راست متاثر ہورہی ہیں اور یہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے بنیادی اسباب میں شامل ہے۔ انہوں نے کہ آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ کی شرائط میں بھی ااس بات کو پیش نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کی خود انحصاری صنعتی ترقی سے مشروط ہے، صنعتوں کو پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافے ہی سے ملکی معیشت کو استحکام نصیب ہوگا، حکومت کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنے چاہییں۔

مزید :

کامرس -