حکومت کھیلوں کی ترقی کیلئے مثبت اقدامات کرے:اکرم ساہی

حکومت کھیلوں کی ترقی کیلئے مثبت اقدامات کرے:اکرم ساہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے مسائل حل کئے بغیر ملک میں کھیلیں ترقی نہیں کر سکتیں، حکومت کھیلوں کی ترقی کیلئے مثبت اقدامات کرے۔ گذشتہ روز ’’میڈیا‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن اس کے ساتھ کھلاڑیوں کے بے پناہ مسائل بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری کے علاوہ کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں سہولیات فراہم کرنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل پر قابو پاکر ہی ملک میں کھیلوں میں ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور سپانسر کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں کی ترقی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں فنڈز کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، حکومت کو فیڈریشنز کی سالانہ گرانٹس میں اضافہ کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کھلاڑیوں کو وہ سہولیات نہیں مل رہیں جو بیرونی ممالک میں دی جاتی ہیں، وہاں پر ہر کھیل کی اکیڈمیز ہیں جن میں پانچ سے سات سال کے بچے اور بچیوں کو مختلف کھیلوں کی تربیت دی جاتی ہے۔ جناح سٹیڈیم کی مرمت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کافی عرصہ سے جناح سٹیڈیم کا ٹریک کھیلنے کے قابل نہیں ہے اور کئی بار پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام سے بات کر چکے ہیں لیکن اب تک اس کو مرمت یا نیا ٹریک نہیں بچھایا گیا۔ اکرم ساہی نے کہا کہ غیرملکی ٹیمیں پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں لیکن ہمارے پاس انٹرنشینل سطح کی سہولیات ہونا بہت ضروری ہے۔