ڈومیسٹک سے کمرشل اور جعلی ایڈریس پر نصب150گیس میٹر منقطع
لاہور(خبر نگار)سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن نے رواں ماہ کے دوران ڈومیسٹک سے کمرشل اور جعلی ایڈریس پر نصب 150گیس میٹروں کو منقطع کر کے قبضہ میں لے لیا ہے، گیس کمپنی لاہور ریجن سے اس حوالے سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق ہربنس پورہ، تاج پورہ اور لکھو ڈیئر گاؤں سمیت 20آبادیوں میں جعلی ایڈریس پر کنکشن حاصل کر کے گیس استعمال کی جا رہی تھی، گیس مافیا کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں جبکہ اس حوالے سے جی ایم گیس کمپنی لاہور ریجن قیصر مسعود نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ گیس چوری اورغلط ایڈریس پر نصب گیس میٹروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
اور اس سلسلہ میں چیف انجینئر عمران الطاف ساہی اور ڈپٹی چیف انجینئر بلال اصغر کی نگراین میں الگ الگ چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور ان ٹیموں نے رواں ماہ کے دوران گیس چوری کے خلاف الگ سے کریک ڈاؤن کر کے 60سے زائد گیس کنکشن منقطع کر کے میٹر قبضہ میں لئے گئے ہیں اور اس میں 6مقامات پر گھریلو میٹروں سے جعلی نیٹ ورک چلائے جا رہے تھے، جبکہ 15مقامات پر گھریلو میٹروں سے کمرشل سیکٹر میں یس استعمال کی جا رہی تھی، جس پر ان تمام گیس چوروں کے خلاف تھانوں میں مقدمات بھی درج کروائے گئے ہیں جس سے گیس چوری میں کمی اور یو ایف جی کی شرح کم کرنے میں بڑی حد تک مدد ملی ہے۔