موبائل فونز کی تصدیق کیلئے 20اکتوبر کی ڈیڈلائن میں غیر معینہ مدت تک توسیع

موبائل فونز کی تصدیق کیلئے 20اکتوبر کی ڈیڈلائن میں غیر معینہ مدت تک توسیع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے موبائل فونز کی تصدیق کی تاریخ میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی۔ پی ٹی اے کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موبائل فون سیٹس کی تصدیق آئندہ احکامات تک جاری رہے گی، اس سے قبل موبائل فونز کی تصدیق کے لیے 20 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ موبائل فون کی تصدیق کیلئے آئندہ آخری تاریخ کا اعلان وفاقی حکومت اور پارلیمینٹ کی ڈیڈ لائن کے بعد ہی مقرر کیا جائے گا۔دوسری جانب سینیٹ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹ میں قائدایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ایک مخصوص لابی ایجنڈے کے تحت حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے سرگرم ہے، حکومت اور وزیر آئی ٹی کی اجازت کے بغیر پہلے توہین رسالت قانون میں ترمیم اور اب موبائل فون بند کرنے کا شوشہ چھوڑ کر عوام میں اضطراب کی کیفیت پیدا کی ہے، سٹاک مارکیٹ پہلے ہی گراوٹ کا شکار ہے اس پر وزارت آئی ٹی کی جانب سے ایسے اعلانات سے رہی سہی کسر بھی نکل جائے گی اور اگران لوگوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو ان کے خلاف تحقیقات کا اعلان کریں گے کہ یہ کس ایجنڈے کے تحت ایسے کام کر رہے ہیں۔کمیٹی ارکان نے کہا کہ غیر قانونی موبائل فون بند کرنے کا اقدام اچھا ہے لیکن اس کا طریقہ کار غلط ہے،لوگوں کو یہ ہی نہیں پتہ کہ آئی ایم ای آئی نمبر کس ’’ بلا‘‘ کا نام ہے، ایسے اقدامات سے قبل بڑے پیمانے پر آگاہی کیلئے عوامی مہم چلانی چاہیے تھی، کمیٹی نے پی ٹی اے سے موبائل تصدیق کرنے کیلئے سافٹ ویئر تیار کرنے والی کمپنی کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔کمیٹی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے آر ٹی ایس سافٹ ویئر بھارتی کمپنی سے بنوانے پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی اے سے کمپنی کی تفصیلات طلب کر کے ایف آئی اے سے تحقیقات کی ہدایت کر دی۔

مزید :

صفحہ اول -