ماضی کے مقابلے میں موجودہ بجٹ زیادہ متوازن سماجی شعبوں کی ترقی سے عوام کو ان کا حق ملے گا ، عثمان بزدار

ماضی کے مقابلے میں موجودہ بجٹ زیادہ متوازن سماجی شعبوں کی ترقی سے عوام کو ان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ڈی جی رینجرزپنجاب میجر جنرل ثاقب محمود ملک نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی رینجرز کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر میجر جنرل ثاقب محمود ملک کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی رینجرز کو ڈیرہ غازی خان کی روایتی چھڑی کا تحفہ بھی دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر ملک خصوصاً کراچی میں قیام امن کیلئے رینجرز کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سرحدوں کی حفاظت کیلئے رینجرز کے افسروں اورجوانوں کی جرأت اور بہادری کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے اپنی قیمتی لہوسے نئی تاریخ رقم کی ہے اور آج پاکستان ایک پرامن ملک بن چکا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پنجاب حکومت کا پہلا بجٹ ماضی کی حکومت کے پانچ بجٹ کے مقابلے میں زیادہ متوازن اور یکساں ترقی کا حامل ہے۔ سابق دور میں صرف ذاتی تشہیر کے منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اس روش کو یکسر بدل دیا ہے۔ ہم دعوے کرتے ہیں نہ نعرے لگاتے ہیں، عمل پر یقین رکھتے ہیں اور نمائشی منصوبوں کی بجائے عوام کی پائیدار ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر تیمورخان اور رکن قومی اسمبلی راحت امان اللہ بھٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں ان سے ملاقات کی۔ سردار عثمان بزدار سے ہاشوگروپ کے ڈپٹی چےئرمین و مالک مرتضی ہاشوانی نے ملاقات کی،جس میں سیاحت کے فروغ اورسیاحت سے متعلقہ انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے شعبے کو ماضی میں نظرانداز کیاگیا۔نئے پاکستان میں شعبہ سیاحت کوپائیدار ترقی دیں گے۔ سردار عثمان بزدار سے روس کے وفد نے ملاقات کی ، جس میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔روسی وفد نے تعلیم، صحت،انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیف سٹی پراجیکٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکیا۔روسی وفدنے وزیراعلیٰ پنجاب کو ماسکو کے دورے کی دعوت بھی دی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں اوران تعلقات کو مفید معاشی روابط میں بدلنے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔نئے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے اورپنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں دی جائیں گی تاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہو اورروزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ روسی وفد کی قیادت انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکسپورٹ اور رشین فیڈریشن سٹیٹ آرگنائزیشن کے انٹرنیشنل جی 2 جی کے سربراہ اوگل کریلوف (Mr. Oleg Krylof) کر رہے تھے۔رشین فیڈریشن سٹیٹ آرگنائزیشن کے مشیر یاسر حامد اور کنسلٹنٹ ڈاکٹر نادیہ ظہیر کے علاوہ مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی علی عامر ملک، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -