عامر خان سے ملاقات نہیں ہوئی ، ایم کیو ایم میں شامل نہیں ہو رہا : آفاق احمد

عامر خان سے ملاقات نہیں ہوئی ، ایم کیو ایم میں شامل نہیں ہو رہا : آفاق احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے عامر خان سے ملاقات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں متحدہ قومی موومنٹ میں شامل نہیں ہورہا ہوں ۔ بلیک میلنگ کا انداز صحافت کے ساتھ زیادتی ہے ۔ہم اس شہر کے نام پر کوئی سیاسی مفاہمت تو کر سکتے ہیں لیکن پارٹی کے الحاق کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے ۔محسود قبیلے کے شخص کے کراچی سے منتخب ہونے سے یہ دعویٰ غلط ثابت ہوگیا کہ یہ شہر ہمارا ہے ۔خدشہ ہے کہ عمران خان اس سسٹم کو لے کر زیادہ نہیں چل سکتے ۔خطرناک بات یہ ہے کہ کچھ لوگ پورے سسٹم کو ہی فیل ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ڈیفنس میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔آفاق احمد نے کہا کہ اخبارات میں یہ خبر شائع ہوئی ہے کہ میری عامر خان کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے ۔اس حوالے سے پوری کہانیاں لکھ دی گئی ہیں ۔یہ اسٹوری میں پلانٹ کی گئی تھی ۔میر ی عامر خان سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے ۔بنا تصدیق کے خبریں چلا دی جاتی ہیں اور بریکنگ نیوز چلائی جاتی ہیں ۔کم سے کم کسی بھی خبر کو چلانے سے پہلے تصدیق کرلینی چاہیے ۔صحافت کی ذمہ داری کو برباد کیا جا رہا ہے ۔اپ کسی کے آلہ کار بن کر کسی کا مقصد پورا کرتے ہیں تو یاد رہے یہ صحافت کی توہین ہے ۔بلیک میلنگ کا انداز صحافت کے ساتھ زیادتی ہے ۔میں سمجھتا ہوں کہ یہ رویہ انتہائی افسوس ناک ہے ۔۔عامر خان چھوٹے بھائی ہیں ۔مختلف تقریبات میں تمام افراد سے ملاقات ہوتی ہے لیکن کبھی سیاست پر بات نہیں ہوئی ۔میرے اپنے نظریات ہیں میری اپنی سوچ ہے ۔میں بالکل شہر میں مفاہمت اور بھائی چارگی کی فضا چاہتاہوں ۔میں نے کبھی الطاف حسین سے مہاجر نام پر مفاہمت نہیں کی کیا یہ اس سے بڑے نام ہیں ۔ہم اس شہر کے نام پر کوئی سیاسی مفاہمت کر سکتے ہیں لیکن پارٹی کے الحاق کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔متحدہ قومی موومنٹ مہاجر قومی موومنٹ سے نکلی ہوئی جماعت ہے ۔متحدہ قومی موومنٹ سے لوگ آسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فاروق ستار نے کچھ روز قبل انٹرپارٹی الیکشن اور نئی پارٹی کے حوالے سے جو باتیں کی ہیں ان سے کارکنوں میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محسود قبیلے سے تعلق رکھنے والا شخص کراچی سے منتخب ہو کر اسمبلی میں چلاگیا اس کو کس نے ووٹ ڈالا ہے ۔اس شہر سے مہاجر عوام کا یہ دعویٰ کہ شہر ہمارا غلط ثابت ہوگیا ہے ۔محسود قبیلے کے علاقے میں جائیں تو آپ کسی محسود کے بغیر کسی گلی میں بھی نہیں جاسکتے ہیں ۔الطاف حسین کے غلط اقدام کی وجہ سے کراچی کے ایسے انتخابی نتائج آرہے ہیں ۔متحدہ قومی موومنٹ نے جو چار سیٹیں جیتی ہیں وہ جیتی نہیں دی گئی ہیں ۔چار سیٹیں بھی آپ نے اپنی صلاحیت سے نہیں جیتیں بلکہ دی گئی ہیں ۔ا ن نتائج پر احتجاج کرنے کی بجائے آپ حکومت میں جاکر بیٹھ گئے ۔پھر میرے بارے میں کہتے ہیں کہ آفاق احمد متحدہ قومی موومنٹ میں شامل ہورہا ہے ۔آفاق احمد نے کہا کہ مارٹن کواٹرز کی زمین آغا خان کو دی جائے گی اور اس پر متحدہ نے اپنی قیمت وصول کی ہے ۔میں نے ہر بار پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ شہر ہمارے ہاتھ سے ریت کی طرح نکل رہا ہے ۔وسیم اختر کے پاس کیا اختیارات ہیں سب کو معلوم ہے ۔افسوس کی بات ہے جو لوگ اسمبلی میں بیٹھے ہیں کیا انہوں نے کوئی آواز اٹھائی ۔اگلے اتوار پھر الیکشن ہیں اوریہ عوام کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارے پاس بڑے بڑے لوگ آرہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں آفاق احمد نے کہا کہ کرپٹ افسران کے خلاف بالکل تحقیقات ہونی چاہئیں۔یہ میرا خدشہ ہے کہ عمران خان بھی اس سسٹم کو لے کر زیادہ نہیں چل سکتے ۔خطرناک بات یہ ہے کہ ئیہ لوگ پورے سسٹم کو ہی فیل ثابت کرنا چاہتے ہیں ۔