منصوبے کو آئندہ پانچ ماہ میں مکمل کیا جائیگا : تیمور سلیم
پشاور( سٹی رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے رات گئے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے مختلف سیکشنز کا اچانک معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی محمد اسرار،جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنزپشاورثاقب ارباب کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر خزانہ نے اس موقع پر بی آر ٹی ریچ ۔2 پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈی جی پی ڈی اے نے صوبائی وزیرکومنصوبے پر کام کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ بی آر ٹی کے انفراسٹرکچر کی تعمیر تقریباً مکمل ہوچکی ہے جبکہ اسٹیشنز کی تعمیر پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ بی آرٹی سے متصل تمام سڑکوں کی کارپٹنگ پر تیزی سے کام جاری ہے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عام لوگوں کو آمد و رفت میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈی جی پی ڈی اے نے مزید بتایا کہ بی آر ٹی روٹ کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں پانی کے اخراج سے روٹ کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کو اعلیٰ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ جدیدسفری سہولیات سے آراستہ پشاور ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کی تعمیر سے نہ صرف لوگوں کوآمد و رفت میں آسانی ہوگی بلکہ ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بی آر ٹی کی تعمیر سے پشاور ایک جدید شہر میں بد ل جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پشاور شہر کی تاریخی حیثیت کو بحال کرنے اور اس کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی جس کا یہ تاریخی شہر برسوں سے متقاضی ہے۔