ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں کی تیاری، صوبے بھر سے 16 لڑکیوں کا انتخاب

ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں کی تیاری، صوبے بھر سے 16 لڑکیوں کا انتخاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سپورٹس رپورٹر) ٹیبل ٹینس کے عالمی کھلاڑی اور خیر سگالی سفیر ابصار علی کی فاؤنڈیشن نے ٹیبل ٹینس کی خواتین کھلاڑیوں کی تیاری کے لئے صوبے بھر سے 16 لڑکیوں کا انتخاب کرلیا ہے جن کا تعلق پشاور، چترال، کرک، صوابی اور چارسدہ سے ہے۔ ابصار فاؤنڈیشن کے سرچ آف پرلز پروگرام کا یہ دوسرا مرحلہ ہے جس کے لئے کیمپ لگایا گیا اور لڑکیوں کا انتخاب کیا گیا۔ کیمپ میں لڑکیوں کو ٹیبل ٹینس کا مکمل سامان بھی فراہم کیا گیا بنک آف خیبر کے نائب صدر راحت میاں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس خیبر پختونخوا عزیز اللہ خان اور ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کفایت اللہ نے منتخب کھلاڑیوں میں سامان تقسیم کیا۔ ابصار علی کا کہنا ہے کہ منتخب لڑکیوں کی تربیت کے لئے دسمبر سے تین مہینے کا کیمپ شروع ہوگا جس کے لئے چین سے انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے کوالیفائیڈ لیول تھری کوچ بلایا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کو عالمی ضروریات کے مطابق تربیت دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کا مقصد ٹیبل ٹینس کے لئے عالمی معیار کی کھلاڑیوں کو تیار کرنا ہے تاکہ بین الاقوامی مقابلوں میں ملک وصوبے کا نام روشن کیا جاسکے اور ٹیبل ٹینس کے عالمی ٹائٹل جیت کر دیگر کھلاڑیوں کو اس طرف راغب کیا جائے۔