بدھلہ سنت میں کتوں کا خونی دنگل ، جانوروں کی خوفناک لڑائی سے زمین کانپ اٹھی ، لاکھوں کا جواء پولیس خاموش

بدھلہ سنت میں کتوں کا خونی دنگل ، جانوروں کی خوفناک لڑائی سے زمین کانپ اٹھی ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سٹاف رپورٹر )حکومت پنجاب کی طرف سے کتوں کے دنگل پر پابندی کو نظر انداز کرتے ہوئے گزشتہ روز بدھلہ سنت میں علاقے کے زمینداروں نے لڑاکا کتوں کا خونی دنگل کرایا جس میں ملتان کے علاوہ وہاڑی‘ خانیوال‘ اوکاڑہ‘ گجرانوالہ‘بہاولپور‘ رحیم یار خان ‘ چکوال اور دیگر علاقوں سے لڑا کا کتے جیپوں‘ ڈالوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں میں لائے گئے ۔ زمینداروں کے ملازم بھی ہمراہ تھے ۔ نہر کے قریب میدان لگایا گیا اور لڑا کا کتے نہلا کر میدان میں اتارے(بقیہ نمبر55صفحہ12پر )

جاتے رہے ۔ اس موقع پر بیشتر لڑاکا کتے خون میں نہا گئے اور شدید زخمی ہو گئے ۔ کسی کی گردن ‘ کسی کا جبڑہ ‘ کسی کی ٹانگ کو شدید نقصان پہنچا ۔میدان میں باقاعدہ کرسیاں لگائی گئیں اور ساؤنڈ سسٹم کا بھی بندوبست کیا گیا ۔ اعلانات کرکے لڑاکا کتے میدان میں اتارے جاتے رہے۔بیشتر لڑاکا کتے ایک دوسرے کو چھوڑنے کو تیار نہ تھے ۔ خوفناک طریقے سے ایک دوسرے میں دانت پیوست کئے ہوئے تھے جس پر بمشکل چھڑیاں اور سریے ان کے جبڑوں میں ڈال کر چھڑایا گیا ۔ بعض کتوں کی کمر میں رسیاں ڈال کر انہیں کھینچا گیا اور کانوں میں پھونکیں ماری گئیں ۔بڑی تعداد میں لوگ کتوں کا خونی دنگل دیکھنے کے لئے جمع تھے ۔خونی دنگل صبح09:00بجے شروع ہوا جو دن 01:00بجے تک جاری رہا ۔ بل ڈاگ‘ جوکی ‘ گلٹیرئر کراس ‘ ناگی اور کوہاٹی نسل کے دیو ہیکل لڑا کا کتے میدان میں لائے گئے۔ ہر کتے کی جیت پر ڈھول بجایا گیا اور پیسے لٹائے گئے۔ذرائع کے مطابق اس موقع پرسفید کپڑوں میں پولیس ملازمین نے بھی یہ دنگل دیکھا۔ مجموعی طور پر 32لڑاکا کتوں نے خونی دنگل میں حصہ لیا جن کے 16جوڑ پڑے۔دریں اثناء چکوال سے لایا گیا ایک قوی ہیکل لڑاکا کتا زنجیریں پکڑے مالکان کوجھٹکے سے گرا کرزنجیروں سمیت بھاگا اور درخت کے ساتھ بندھے دوسرے لڑاکا کتے کے ساتھ لڑ پڑا جس پر دونوں میں میدان سے باہر ہی لڑائی شروع ہو گئی ۔ دونوں کے مالکان نے بمشکل انہیں چھڑایا ۔جبکہ شرابی لڑاکا کتا تماشائیوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ۔بدھلہ سنت میں لڑاکا کتوں کے خونی دنگل میں ایک شرابی لڑاکا کتا تماشائیوں کی توجہ کا مرکز بن گیا جس کے بارے میں بتایا گیا کہ مالک نے اسے شراب پلا دی ہے ۔دوران لڑائی شرابی لڑاکا کتا شدید زخمی ہونے کے باوجود ڈٹا رہا اور اسے چھڑانے کے لئے ’’ماہرین‘‘ اکٹھے ہوگئے اور بمشکل اسے چھڑا کر میدان سے باہر نکالا۔
کتوں کی لڑائی