مہاجروں کے پاس متحد ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

مہاجروں کے پاس متحد ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجروں کے پاس اس کے سوا اب کوئی راستہ نہیں کہ وہ آپس کے اختلافات بالاطاق رکھتے ہوئے متحد ہوکر مہاجر حقوق کیلئے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی مرتبہ مہاجر سیاست کرنے والی تنظیموں کے قائدین کے ساتھ مل کر جدوجہد کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے کچھ افرا دکی ذاتی اَنا کی بناء پر یہ کوششیں باآور ثابت نہیں ہوسکی لیکن آخری وقت تک مہاجروں کو متحد کرنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، کیونکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ مہاجروں کے آپس کے اختلافات کا فائدہ مہاجر دشمن قوتوں کو پہنچ رہا ہے اور مہاجر ہر آنے والے دن کے ساتھ مایوسی کی دلدل میں پھنستے جارہے ہیں اس لئے اب بھی وقت ہے کہ تمام مہاجر جماعتیں کسی ایک نقطے پر متفق ہوکر مہاجر حقوق کیلئے میدان میں نکلیں ۔ انہوں نے کہاکہ آج مہاجر نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہیں ، ملازمت سے لے کر تعلیمی اداروں میں داخلے تک کے دروازے ان کیلئے بند کردیئے گئے۔ ایسی صورت میں ماضی کے اختلافات اور غلطیوں کو بھلاکر مہاجروں کی بہتری کیلئے کام کرنا ہوگا۔ کیونکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ایک طرف کراچی سے مہاجر مینڈیٹ اور مہاجروں کے پاس موجود اختیارات چھین کر غیر مہاجروں کو دیئے جارہے ہیں دوسری جانب کراچی ،حیدرآباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں سے مصنوعی قیادت لائی جارہی ہے جو سرے سے مہاجر لفظ ہی کو ماننے کو تیا رنہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ 1986ء سے لے کر کراچی کے شہری علاقوں میں مہاجروں نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کیا ہے جس کے بعد ان کی ایک شناخت پورے ملک میں سامنے آئی ہے جسے برقرار رکھنا ہر صورت ضروری ہے اور اب جبکہ آج تک مہاجروں کو کوئی ایک مسئلہ بھی حل نہیں ہوسکا ہے ایسے میں مہاجروں کو ہر صورت متحد رکھنے کی ضرورت ہے۔