پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں کی بھر مار ، ارکان کا رہائش رکھنے سے انکار

اسلام آباد(آئی این پی)سینیٹ کی ہاﺅس کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ لاجزمیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی سربراہی میں ہوا ،اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں کے معاملے پر بحث ہوتی رہی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ ار کان لاجز کے چوتھے فلور پر رہنے کو تیار نہیں چوہے سیلنگ میں چھپ جاتے ہیں ،ارکان نے یہ بھی شکایت کی کہ دو کمروں کا بجلی کا بل 50ہزار آتا ہے جس پر آئیسکو حکام کا کہنا تھا کہ سا بق اراکین پارلیمنٹ بجلی کے بل نہیں دے کر گئے وہ بھی شامل ہیں ،ا جلاس کے دوران پارلیمنٹ لاجز میں سہولیات کی فراہمی، مرمت، صفائی اور بلوں میں اضافے کے معاملے پر غورکیا گیا ، سلیم مانڈوی وا لا نے کہاکہ لاجز کے چوتھے فلور پر چوہوں کی موجودگی سے ارکان پارلیمنٹ پریشان ہیں ارکان نے رہنے سے بھی انکار کردیاہے ، کمیٹی نے سیلنگ کے خاتمے کی ہدایت کردی۔