بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں: سید علی گیلانی
سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگیا ں اجیر ن بنا دی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے بدگام پورہ پلوامہ میں شہید شوکت احمدکے جنازے کے شرکا سے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں کہا کہ بھارتی فوجیوں نے فتح کدل میں رات کے وقت ایک گھر پر چھاپے کے دوران رئیس احمد نامی نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے بعد زیرِ حراست تشدد کر کے جبکہ 2 اور نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید دیا جو سفاکیت کی انتہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز ایک منصوبہ بند طریقے سے گھناؤنی کارروائیاں کرکے کشمیر کی نوجوان نسل کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کے درپے ہیں۔ سیدعلی گیلانی نے انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کو سزا ملنے تک ظلم و ستم کا سلسلہ بند نہیں ہوسکتا۔
سیدعلی گیلانی نے بھارتی فورسز کی طرف سے ذرائع ابلاغ سے وابستہ رپورٹرں او فوٹو جرنلسٹوں کی مارپیٹ کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں اور نہتے کشمیریوں کو قابض اہلکاروں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائے گا اورکشمیری اپنے عظیم شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت کشمیر کے زمینی حقائق کو انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ نظر انداز کر کے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ظلم وجبر سے دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اسے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔