اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کیلئے درخواست دیدی ،خاندانی ذرائع کی جانب سے خبر کی تردید
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے برطانیہ میں سیاسی پناہ کیلئے درخواست دیدی، سابق وزیر خزانہ نے ہوم آفس میں اپنے میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی دکھائے ۔
دنیا نیوز کے مطابق سابق اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کیلئے درخواست دیدی ہے ، سابق وزیر خزانہ نے ہوم آفس میں اپنے میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی دکھائے ہیں۔ انہوں نے پاسپورٹ کی منسوخی کے بعدبرطانوی ہم آفس میں اپنی شہریت کو بھی واضح کیاہے ۔ اس موقع پر سابق وزیر خزانہ نے ہم آفس کے اہلکار کے ساتھ اپنی تصویر بھی بنوائی ۔
دوسری جانب اسحاق ڈار کے خاندانی ذرائع نے سیاسی پناہ کی درخواست دینے سے متعلق خبر کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کیلئے درخواست نہیں دی بلکہ وہ اپنے ویزا کی توسیع کے لئے ہوم آ فس گئے اور اپنے پاسپورٹ کی منسوخی سے متعلق برطانوی ہوم آفس کو آگاہ کیا اور اپنا میڈیکل ریکارڈ بھی ہوم آفس میں جمع کروایا ۔
واضح رہے کہ اسحاق ڈار کئی ماہ سے لندن میں مقیم ہیں اور سپریم کورٹ کے متعدد بار طلب کرنے کے باوجود پیش نہیں ہوئے ، عدالت کی جانب سے ان کی جائیداد قرق کرنے کے احکامات بھی جاری ہوچکے ہیں۔