داتا گنج بخشؒ کے فیض کی وجہ سے برصغیر میں اسلام کی شمع روشن ہے،قاری زوار بہادر

داتا گنج بخشؒ کے فیض کی وجہ سے برصغیر میں اسلام کی شمع روشن ہے،قاری زوار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کا فیض ہے کہ آج برصغیر میں اسلام کی شمع روشن ہے قریہ قریہ بستی بستی اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج رہی ہے انہوں نے کہا کہ برصغیر کاہر مسلمان داتا گنج بخش کا ممنون احسان ہے انہوں نے کہا کہ داتا گنج بخش علی ہجویری نے مشکلات اور صعوبتیں برداشت کرکے ظلمت کدہ ہند میں اپنے اخلاق و کردار سے اسلامی تعلیمات کو فروغ دیا اتحاد اتفاق بھائی چارے اور اسلام کی اخلاقی اقدار کے ذریعے مخلوق خدا کے دلوں میں ایسا روحانی انقلاب برپا کیا کہ آپ کے فیض و برکت سے ہزاروں مشائخ و علماء نے اکتساب فیض کیا اور برصغیر کے کونے کونے میں شمع عشق رسولﷺ روشن کی۔

۔انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری نے برصغیر پاک و ہندمیں شمع توحید روشن کرنے اور ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں جاہلیت کی رسومات کا قلع قمع کیا سنت رسول کے احیا ء کے لئے بھرپور جدوجہد فرمائی انہوں نے مسلمانوں کے دلوں میں عشق رسول ﷺ کا ایسا چراغ روشن کیا جس کی روشنی آج برصغیر پاک و ہند میں بلخصوص اور پوری دنیا میں با لعموم دکھائی دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء پاکستان لاہور کے زیر اہتمام گلبرگ III میں گنج بخش کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کانفرنس کی صدارت مولانا حافظ نصیر احمد نورانی نے جبکہ مقررین میں مفتی تصدق حسین،حافظ سلیم اعوان،رشید احمد رضوی،مولاناسرفراز قادری اور دیگر نے خطاب کیا۔