حضرت داتا گنج بخش ؒ کے 976ویں سالانہ عرس کی 3روزہ تقریبات شروع

حضرت داتا گنج بخش ؒ کے 976ویں سالانہ عرس کی 3روزہ تقریبات شروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(فلم رپورٹر/ کرائم رپورٹر)الشیخ السید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒکے 976واں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات گزشتہ روز شروع ہوگئیں، عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید کے ہاتھوں رسم چادرپوشی سے ہوا۔اس موقع پرصمصام بخاری،چیئرمین کمیٹی نذیر چوہان،سیکرٹری ناظم اعلیٰ اوقاف پنجاب چودھری اعجاز احمد،ڈائریکٹر جنرل امور اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری،ایڈمنسٹریٹر اوقاف سکندر ذوالقرنین اور دیگر افسران اور محکمہ اوقاف کے کارکنان بھی موجود تھے۔رسم چادر پوشی کے بعدمیاں محمود الرشید نے الشیخ السید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒ کی شان میں لکھی گئی ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی کتاب”دارالسالکین‘ کی تقریب رونمائی کی، حسبِ روایت سبیل دودھ کا افتتاح کیا گیا۔14روحانی محافل،قومی محفل حسن قراۃ،قومی محفل نعت اور محافل سماع عرس کی تین روزہ تقریبات کا حصّہ ہیں۔ محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کی جانب سے زائرین کیلئے لنگر اور عرس کی دیگر تقریبات اور انتظامات کیلئے ایک خطیر رقم مختص کی ہے،زائرین کی سینکڑوں سکیورٹی وکلوز سرکٹ کیمرے نگرانی کیلئے نصب کئے گئے ہیں جبکہ 50کے قریب مزیدکیمرے کرایہ پر نصب کروائے گئے ہیں۔علاوہ ازیں ایک الگ سے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جس میں بڑی تعداد میں ایل ای ڈیز نصب ہیں تاکہ دربار شریف میں ہونے والی سرگرمیوں پر مکمل طور پر نظر رکھی جاسکے۔ دوران عرس مبارک محکمہ پولیس نے ہزاروں اہلکاران تعینات رہیں گے جس میں 3ایس پیز، 7ڈی ایس پیزبھی شامل ہیں۔ زائرین کے بلارکاوٹ دربارشریف تک پہنچنے کیلئے بذریعہ ٹریفک پولیس خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے۔ عرس مبارک کے موقع پر صفائی کے خصوصی اقدامات کیلئے 250 کے قریب ورکرز رات دن2 شفٹوں میں کام کریں گے جو عرس مبارک کے موقع پر داتا دربار کمپلیکس کے احاطے میں ہر جگہ پر صفائی کو یقینی بنائیں گے۔ زائرین کی سہولت کیلئے سنٹرل ماڈل ہائی سکول۔II، ریٹی گن روڈ، مسلم ماڈل سکول نمبرIIاور داتا دربار ہسپتال لاہور میں وسیع پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ دریں اثناء ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کی ہدایت پر عرس داتا علی ہجویری کی تقریبات کے آغاز اور جمعتہ المبارک کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے۔تمام ایس پیز،ڈی ایس پیزاور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں مساجد اور عبادت گاہوں سمیت تمام اہم تنصیبات اور حساس مقامات کے حفاظتی انتظامات کی نگرانی خود کرنے کی ہدایت کی گئی۔اشفاق خان نے کہا کہ عرس داتا علی ہجویری کے موقع پر 03ایس پیز، 10ڈی ایس پیز،28انسپکٹرز اور02 ہزار زائد پولیس اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔مزار کے گرد و نواح میں بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینا ت کئے گئے ہیں جو دربار کے اطراف میں ہونے والی کسی بھی نقل و حرکت پر نظر رکھیں گے۔دربار کے گرد ونواح میں ڈولفن سکواڈاور پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیموں کا گشت بھی بڑھا یا گیاہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ تمام زائریں کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی مزار میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔تمام پولیس افسران و جوان انتہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی کریں اوراپنے ارد گرد مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ نمازِجمعہ کی ادائیگی کے دوران ڈولفن سکواڈ اورپی آر یوکے اہلکاروں نے شہر کی تمام حساس مساجداور امام بارگاہوں کے ارد گردموئثرپٹرولنگ کو یقینی بنایا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان کی ہدایت پرعوام الناس کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز جاری رہے جن میں ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ فورس، سیکیورٹی اداروں اور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ سرچ آپریشنز کے دوران بائیومیٹرک اور جدید اینڈرائیڈ سیٹ کے ذریعہ تمام مشکوک افراد کو چیک کیا گیا۔ سرچ آپریشن اورحفاظتی مشقوں کا مقصد شہر میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا تھا۔ادھر چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہاکہ عرس حضرت علی ہجویر ی المعروف داتاگنج بخش کا976واں عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کیلئے ٹریفک انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،عرس مبارک کی تقریبات کے دوران سکیورٹی کے پیش نظر کچھ روڈز کوعام ٹریفک کیلئے بند رکھا جائیگااس موقع پر شہریوں کی سہولت،شرکاء کی گاڑیوں کی پارکنگ اورٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے جامع ٹریفک پلان مرتب کیا گیا۔ایس پی ٹریفک سٹی ڈویڑن اور ایس پی ٹریفک صدر ڈویڑن سردار آصف خان کی نگرانی میں 5ڈی ایس پیز،31انسپکٹرز،55پٹرولنگ افسران اور392وارڈنز سمیت42لیڈی وارڈنز فرائض سرانجام دیں گے۔ رانگ پارکنگ کے خاتمہ کیلئے فوک لفٹرز اور بریک ڈاؤن تعینات کئے گئے ہیں۔ گریٹر اقبال پارک،موری گیٹ،ناصر باغ گراؤنڈاور داتا دربار آئی ہسپتال پارکنگ میں زائرین کی گاڑیوں کو پارک کروایا جائیگا۔ٹریفک پلان کے مطابقہرقسم کی ٹریفک جوکہ شاہدرہ کی طرف سے لاہورشہرمیں داخل ہوگی اسے چوک آزادی سے جانب ریلوے اسٹیشن اورچوک نیازی شہیدسے بندروڈچوک سگیاں بجھوایا جائیگا۔2۔ملتان روڈچوک چوبرجی کی جانب سے آنیوالی ٹریفک کوچوک ایم اے اوکالج سے جانب ساندہ روڈ،بندروڈاورسیکٹریڑیٹ کے ساتھ سولسٹر آفس اور ایل ڈی اے آفس کے سامنے سے ہوتے ہوئے چوک کمشنرآفس سے کورٹ سٹریٹ،کارنرڈی آئی جی آپریشن آفس، آؤٹ فال روڈکی جانب بھجوایا جائیگا۔3۔انرسرکلرروڈسے آنیوالی ہرقسم کی ٹریفک موری گیٹ سے اردوبازار،چوک چٹرجی،لاء کالج،کچہری روڈکے راستے اپنی منزل کی طرف روانہ وہوگی۔4۔ٹرن لاء کالج کی جانب سے رش کے وقت کسی قسم کی ٹریفک کوچوک چیٹرجی اردوبازارکی جانب نہیں جانے دیاجائے گا۔5۔انر سرکلرروڈسے آنیوالی تمام پبلک سروس گاڑیاں چوک شاہ عالمی سے جانب میوہسپتال بجھوائی جائینگی۔6۔چوک ضلع کچہری،کارنرڈی آئی جی آپریشن آفس،R/Oگیٹ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی،چوک ریٹیگین،چوک بلال گنج چوک بیری والا،R/Oموری گیٹ،چوک ٹیکسالی،موری گیٹ،چوک چیٹرجی، چوک آزادی ڈائیورشن پوائنٹ اورآزادی فلائی اوور سے کسی قسم کی ٹریفک کولوئرمال روڈپرداخل نہیں ہونے دیاجائیگا۔

عرس

مزید :

صفحہ آخر -