عوام دوست پالیسیوں کے نفاذ سے ریلوے کا خسارہ کم کردینگے ، شیخ رشید

 عوام دوست پالیسیوں کے نفاذ سے ریلوے کا خسارہ کم کردینگے ، شیخ رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


رائے ونڈ (نمائندہ پاکستان) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے ماڈل ریلوے اسٹیشن رائے ونڈ کا باضابطہ افتتاح کردیا ۔ڈیڑھ سال قبل سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اس کی بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھا تھا ۔آج اس موقع پر شیخ رشیداحمد نے کہا کہ وہ اگلے ماہ شروع ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کے لاکھوں مندوبین کو بروقت سفری سہولیات دینے کے پیش نظر فوری افتتاح کیلئے یہاں پہنچے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اللہ اور دین محمدی کے فروغ کیلئے گھروں سے نکلنے والے تبلیغی بھائیوں کا مقصد بہت نیک ہے ،تبلیغی جماعت کے امیر مرحوم حاجی عبدالوہاب انتہائی پرہیز گار بزرگ دین تھے ان کی دین کیلئے خدمات فراموش نہیں کی جاسکتیں ،تبلیغی جماعت کیلئے سفری سہولیات کی فراہمی نیکی کے اس عظیم مقصد میں اپنا ہمارا حصہ سمجھ کرڈالتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اجتماع کے ایام میں چار سپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی ،جبکہ جناح ایکسپریس سمیت ہر ٹرین کا یہاں دومنٹ کا سٹاپ ہوگا ۔انہوں نے ٹکٹ کے بکنگ کاﺅنٹر کو مزید کشادہ کرکے تعداد بڑھانے کی ہدائت کی ،ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر اوپن انتظار گاہوں کے شیڈز پر لائٹنگ کا انتظام بہتر کرنے ،واٹر فلٹریشن پلانٹ کو فوری چالو کرنے کی ہدایت کی ۔انکوائری آفس اور اسٹیشن ماسٹر و نائب اسٹیشن ماسٹر کا کمرہ تمام تر انتظامات سمیت24گھنٹے میں پرانی بلڈنگ سے یہاں پر منتقل کرنے کا حکم دیا ،مسجد اور لیٹرینوں اور گروانڈ کو صاف ستھرا رکھنے کی ہدائت کی ۔انہوں نے سکیورٹی کیلئے پولیس کی نفری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ،انہوں نے کہا حالانکہ پاکستان ریلوے مزدوروں کی وجہ سے ہی ترقی کررہا ہے ،پاکستان کا ریلوے مزدور پوری دنیا کیلئے رول ماڈل ہے لیکن افسوس کہ مزدور ہی مزدور کا دشمن ہے ،انہوں نے کہا کہ جلد ہی مثبت اور عوام دوست پالیسیوں کے نفاذ سے ریلوے کا خسارا کم کردیں گے ،فی الحال ریلوے کا کرایہ کم کرنے کی پوزیشن میں نہیں اور نہ ہی قصور پاکپتن کیلئے کوئی نئی ٹرین چلائی جاسکتی ہے ،جلد ہی مین لائن کراچی سے پشاور شروع ہونے پر بہتری آئے گی ،انہوں نے کہا کہ علم میں ہے کہ رائے ونڈ میں ریلوے اراضی پر بہت قبضہ ہے ،تبلیغی اجتماع کے بعد قبضہ گروپوں کیخلاف آپریشن کلین اپ ہوگا ،اس موقع پرریلوے بلڈنگ بنانی والی کمپنی کے ہیڈ عمر فاروقی ،ریلوے پولیس قصور کے انچارج حسین جعفری، تبلیغی اجتماع پنڈال کے منتظم اعلیٰ ڈاکٹر ندیم اشرف ،مولانا طارق جمیل کے خادم اعلیٰ شبیر احمد عثمانی ،مولانا عبدالقیوم ،مولانا محمد اکرم حیات سمیت دیگر اہم شخصیات بھی ہمراہ تھیں ۔اس موقع پر میڈیا ٹاک کے دوران سوالوں جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن ایک منصوبے کے تحت کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کیلئے دھرنا اور احتجاج کا ایشو ہائی لائٹ کررہے ہیں ،ان کو اقتدار کی یادستارہی ہے ،ریلوے اسٹیشن کی پرانی بلڈنگ میں ابھی تک کام جاری تھا جو کہ تبلیغی اجتماع کے رش کی وجہ سے انتہائی کم تھی اس لئے فوری طور پر نئی بلڈنگ کا افتتاح ضروری تھا ۔وفاقی وزیر نے جمعہ کی نماز تبلیغی مرکزمیں مولانا معاذ کی امامت میں ادا کی اور اجتماعی کھانا بھی کھایا اور مشورہ میں شریک ہوئے۔
شیخ رشید

مزید :

صفحہ آخر -