ای سی سی سے گندم کی قیمت مستحکم رکھنے کیلئے تجاویز طلب، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے: عمران خان

  ای سی سی سے گندم کی قیمت مستحکم رکھنے کیلئے تجاویز طلب، ذخیرہ اندوزوں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو گندم اور آٹے کی قیمت کو مستحکم رکھنے کیلئے فوری تجاویز مرتب اور موثر فیصلے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے ضرورت کے تحت درآمد سمیت تمام انتظامی اقدامات ترجیحی بنیادوں پر لئے جائیں، تمام صوبائی حکومتیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے یقینی بنایا جائے کاشت کار اور کسان کا استحصال نہ ہو اور آڑھتی ناجائز منافع خوری نہ کریں،جدید ٹیکنالوجی برؤے کار لا کر اشیائے ضروریہ کیلئے ’درست قیمت‘ اپیلی کیشن پر مبنی نظام متعارف کرایا جائے۔جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے اور افراط زر پر قابو پانے کے حوالے سے وزیراعظم آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم کو ضروری اشیائے خوردونوش خصوصا گندم، چینی، گھی، دالیں، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں کا جائزہ اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گندم کی فراہمی، دستیابی اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو منظم رکھنے کے حوالے سے صوبہ پنجاب، صوبہ خیبر پختونخواہ اور سندھ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ گندم کے مناسب ذخیرے کو یقینی بنانے اور قیمت کو قابو میں رکھنے کے ضمن میں صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ کی حکومتوں کی جانب سے اطمینان بخش انتظامات کیے گئے۔ وزیراعظم نے گندم اور آٹے کی قیمت کو مستحکم رکھنے کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی کوفی الفور تجاویز مرتب کرنے اور موثر فیصلے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ضرورت کے تحت درآمد سمیت تمام انتظامی اقدامات ترجیحی بنیادوں پر لئے جائیں۔
عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مہم جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ مودی اب خوفزدہ ہے کہ کرفیو اٹھے گا تو خون ریزی ہو گی، مودی کشمیریوں کو محکوم بنانے کیلئے طاقت کا استعمال کرے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 75 دن سے مودی حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ قبضہ جاری ہے، بھارتی وزیر اعظم مودی سمجھتا ہے 9 لاکھ فوج کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبا لے گا۔عمران خان نے کہا دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے۔علاوہ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام جائیدادوں کے بہتر استعمال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو متروکہ وقف بورڈ کے زیر انتظام جائیدادوں کے بہتر انتظام اور استعمال کی راہ میں حائل رکاوٹوں، قانونی و انتظامی مسائل اور ان کے ممکنہ حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ماضی میں سابق وزیرِ اعظم کی جانب سے جاری کردہ ایک انتظامی حکم نامے کی رو سے متروکہ املاک کی جائیدادوں کو لمبے عرصے کے لئے کاروباری و دیگر سرگرمیوں کے لئے لیز پر دینے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جس کا نتیجہ کاروباری طبقے کی جانب سے متروکہ املاک کی جائیدادوں کو کاروباری مقاصد کے لئے لیز پر لینے میں عدم دلچسپی اور ادارے کو اربوں روپے کے نقصان کی صورت میں ہوا ہے۔ وزیرِ اعظم نے مذکورہ حکم نامے کو واپس لینے کی اصولی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ متروکہ املاک کی جائیدادوں کے بہتر انتظام اور استعمال کی راہ میں حائل تمام قانونی اور انتظامی روکاوٹوں کو دور کیا جائے تاکہ جہاں ان املاک کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے وہاں ان سے حاصل ہونے والی آمدنی کو سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں کی تعمیر اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے برؤے کار لایا جا سکے۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے گورنر ووزیراعلی خیبرپختونخوا نے ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی امور پر گفتگو کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان اور وزیر اعلی خیبر پختون خواہ محمود خان نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبر پختونخواہ کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے صوبے میں عوامی مفاد کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم

مزید :

صفحہ اول -