موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست ٹھیک نہیں، ملک کو استحکام کی ضرورت ہے: عثمان بزدار

  موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست ٹھیک نہیں، ملک کو استحکام کی ضرورت ہے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، ملک کو اس وقت منفی سیاست کی نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے عوام صرف ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں لیکن کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اورترقی کی راہ پر گامزن ہو لہٰذایہ وقت قوم میں نفاق ڈالنے کا نہیں بلکہ اتفاق اوراتحاد کا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے جبکہ حکومت نے ایک برس کے دوران بے پناہ محنت کیساتھ ملک کو درست سمت کی طرف گامزن کردیا لہٰذا مثبت سوچ اورقومی مفادات کو مقدم رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کبھی بھی ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کی۔ہماری حکومت نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفادات کو ترجیح دی ہے۔علاوہ ازیں ایک اعلی سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت اما م حسینؓکے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پرفول پروف سکیورٹی انتظامات کویقینی بنایا جائے اور امن عامہ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پر امن فضا برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور شرپسند عناصرپر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہو ں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی اور کام نہیں ہوسکتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حالات میں کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے لہٰذا قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں اور قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے وضع کردہ پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منتخب نمائندے،انتظامیہ اور پولیس افسران امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں۔ 
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -