حسن علی آسٹریلیا کیخلاف سیریز سے باہر ہو گئے مگر کیوں؟ شائقین کیلئے تشویشناک خبر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) فٹنس مسائل سے دوچار پاکستانی نوجوان فاسٹ باﺅلر حسن علی آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز سے کمردرد کا شکار ہونے والے بائیں ہاتھ کے پیسر کو ڈاکٹرز نے مزید تین ہفتے آرام کی ہدایت کی ہے، وہ فیصل آباد میں جاری قومی ٹی 20 ٹورنانٹ میں سینٹرل پنجاب کی جانب سے صرف ایک میچ سدرن پنجاب کے خلاف کھیلے ہیں جس میں انہوں نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔
حسن علی کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی میڈیکل سٹاف کی نگرانی میں ری ہیب کا عمل جاری رہے گا تاہم وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اور ٹیسٹ میچوں میں بھی ان کی شمولیت کے امکانات بہت معدوم دکھائی دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حسن علی کے فٹنس رپورٹ کلیئر نہ ہونے پر سلیکٹرز نے ٹی 20 کے مجوزہ کھلاڑیوں کی فہرست سے حسن علی کا نام خارج کردیا ہے۔ تین ہفتوں بعد ایک بارپھر بائیں ہاتھ کے پیسر کا میڈیکل ٹیسٹ لیا جائے گا اور اس کی رپورٹس دیکھ کر ہی حسن علی کے مستقبل کا فیصلہ ہوسکے گا۔