امن عامہ کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق، جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلاامتیاز آپریشن کا حکم

امن عامہ کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق، جرائم ...
امن عامہ کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق، جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلاامتیاز آپریشن کا حکم

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر)اعجاز شاہ نےبھی اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب  نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا،امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، قانون شکن عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔وزیراعلیٰ نے صوبے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کی جائے۔چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،اعلی سول و عسکری حکام،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اوکاڑہ میں بچوں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اوکاڑہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بچوں پر تشدد کے ذمہ دار کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تشدد کا نشانہ بننے والے بچوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا، ایسا واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے بچوں پر تشدد کے ذمہ دار ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامی و پولیس افسران کو فی الفور متاثرہ بچوں کی رہائش گاہ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنربچوں کے گاؤں پہنچے اوربچوں سے ملاقات کی اور بچوں کونئے کپڑے دیئے،اسسٹنٹ کمشنر نے بچوں سے اظہار ہمدردی کیا اوران کی دلجوئی کرنے کے ساتھ انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

مزید : قومی