حکام نے اس عمارت کے دو ٹکڑے کیوں کردئیے؟ جان کر لوگوں کو یقین نہ آئے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ سے ایک عمارت کی تصویر انٹرنیٹ بہت وائرل ہو رہی ہے جسے درمیان سے کاٹ کر دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ اب اس عمارت کے دو ٹکڑے کرنے کی کہانی سامنے آ گئی ہے جسے سن کر آپ کے لیے یقین کرنا مشکل ہو جائے گا۔
فوکس نیوز کے مطابق یہ عمارت امریکی ریاست اوہائیو کے علاقے رگلز ٹاﺅن شپ میں مقامی انتظامیہ نے تعمیر کروائی۔جب عمارت تعمیر ہو گئی تو بریٹ گیلوے نامی شہری نے دعویٰ کر دیا کہ اس عمارت کا ایک تہائی حصہ اس کی پراپرٹی پر بنا دیا گیا ہے۔
جب پیمائش کی گئی تو گیلوے کا دعویٰ درست نکلا۔ کئی ماہ تک مقامی انتظامیہ گیلوے کے ساتھ مذاکرات کرتی رہی تاہم وہ مسئلے کے کسی حل تک نہ پہنچ سکے جس پر انتظامیہ نے یہ انتہائی قدم اٹھایا اور عمارت کو دو حصوں میں کاٹ کر گیلوے کی زمین کی حدود پر ایک آہنی باڑ نصب کر دی۔ رپورٹ کے مطابق انتظامیہ اپنے حصے میں آنے والی عمارت کو گرانے کا ارادہ رکھتی ہے اور گیلوے کے حصے میں آنے والی عمارت کی قسمت کا فیصلہ گیلوے پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ گیلوے کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے ساتھ میرا ایک اور پراپرٹی کا بھی تنازعہ چل رہا ہے اور ہمارا مقدمہ عدالت میں ہے۔ اب انہوں نے میری اس پراپرٹی پر بھی عمارت بنا دی تھی۔