”بابراعظم کو کپتان بنا کر زیادتی کی گئی جبکہ سرفراز کو ہٹانے کا معاملہ کمیٹی میں۔۔۔“ سینیٹر فیصل جاوید نے زوردار اعلان کر دیا

”بابراعظم کو کپتان بنا کر زیادتی کی گئی جبکہ سرفراز کو ہٹانے کا معاملہ کمیٹی ...
”بابراعظم کو کپتان بنا کر زیادتی کی گئی جبکہ سرفراز کو ہٹانے کا معاملہ کمیٹی میں۔۔۔“ سینیٹر فیصل جاوید نے زوردار اعلان کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹ میں قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے رکن فیصل جاوید نے کرکٹ میں تبدیلیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کو کپتان بنا کر زیادتی کی گئی اور وہ یہ معاملہ کمیٹی میں اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ نئے کپتان پر بہت زیادہ دباؤ ہوگا، بابراعظم پر بھی دباؤڈال کر کارکردگی خراب کی جائے گی وہ اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ان کی کارکردگی بھی متاثر ہوگی۔سرفرازاحمد کو ٹی20 کی کپتانی سے ہٹانے کی کوئی وجہ نہیں ان کی کارکردگی شاندار ہے، بطور کپتان ٹی 20 فارمیٹ میں جیت کی شرح زیادہ ہے۔
سینیٹرفیصل جاوید کا کہنا تھا کہ سرفرازاحمد نے ٹی 20 میں مسلسل 11میچ جتوائے اور قومی ٹیم کو نمبر ون بنایا۔ہوم گراﺅنڈ میں کھیلنے کیلئے پوری قومی ٹیم تبدیل کی گئی لہٰذا سارا ملبہ سرفرازاحمد پر نہیں ڈالا جاسکتا۔ٹی 20 میں سرفرازاحمد کا ریکارڈ بہت اچھا ہے، ٹی 20 کے کوچنگ سٹاف کو تبدیل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مصباح الحق کے آنے کے بعد پہلی سیریز میں شکست ہوئی اور شاید توجہ ہٹانے کیلئے سرفراز احمد کو تبدیل کیا گیا ہے۔شعیب ملک ٹاپ20 کھلاڑیوں میں شامل ہیں لیکن انہیں بھی ٹی 20سے ہٹا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد کو 2016ءمیں ٹی 20 فارمیٹ کی کپتانی سونپی گئی اور آج انہیں ہٹا دیا گیا ہے۔سرفراز کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 37 ٹی 20 میچ کھیلے اور 29 میچوں میں جیت حاصل ہوئی اور ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ٹی20 فارمیٹ کی نمبر ون ٹیم بھی بنی۔

مزید :

کھیل -