سکالرزیکساں اور مفید نصاب کی تیاری کیلئے کردار ادا کریں: ڈاکٹر طاہر القادری

سکالرزیکساں اور مفید نصاب کی تیاری کیلئے کردار ادا کریں: ڈاکٹر طاہر القادری
سکالرزیکساں اور مفید نصاب کی تیاری کیلئے کردار ادا کریں: ڈاکٹر طاہر القادری

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قائدتحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ سکالرزیکساں اور ہر طرح کی انتہا پسندی سے پاک نصاب کی تیاری اور پر امن تعلیمی،تحقیقی ماحول پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں،علم حاصل کرنا ہر مومن مسلمان پر فرض ہے،حاصل کئے گئے علم کو اپنے قول و فعل،گفتار اور کردار میں ڈھالنا سب کی ذمہ داری ہے۔

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے فارغ التحصیل سکالرز کی مرکزی کوآرڈینیشن کونسل کے ذمہ داران کے منعقدہ اجلاس کے موقع پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان اور عالم اسلام کی ترقی،خوشحالی دین اور دنیا کی یکساں تعلیم کے حصول اور پھر اسے عملاً پریکٹس کا حصہ بنانے میں ہے،علم کو روزگار کا ذریعہ بنانے میں مضائقہ نہیں ہے لیکن حصول علم کا اصل مقصد انسانیت کی خدمت اور فلاح عامہ ہے،اگر یہ مقصدحاصل نہیں ہو گا تو پھر حصول علم کی برکات سے سوسائٹی محروم رہے گی،انہوں نے کہاکہ اللہ نے امت محمدی کو تعلیم وتعلم،دعوت و تبلیغ،وعظ و نصیحت،اصلاح احوال،اصلاح معاشرہ کے باب میں پیغمبرانہ ذمہ داری تفویض کی ہے،نبی آخر الزمان ﷺ کی ظاہری حیات مبارکہ کے بعد امت محمدیہ پر دعوت و تبلیغ کے کام کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری ڈالی گئی ہے،صاحب علم اس ذمہ داری کی انجام دہی کے حوالے سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتے،اگر وہ اس ذمہ داری کو پورا نہیں کرینگے تو ان سے باز پرس ہوگی۔انہوں نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے فارغ التحصیل سکالرز کو نصیحت کی کہ وہ جہاں کہیں بھی ہیں سب سے پہلے اپنی آرگنائزیشن سے عہد وفا نبھائیں، اسکی بہتری کیلئے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں، اس کے ساتھ ساتھ اُنہوں نے جو علم حاصل کیا ہے اسکا بھی حق ادا کریں اپنے ملک،اپنے دین اور اپنے عوام کیلئے اسے مفید اور نفع بخش بنائیں اور کردار سازی پر توجہ دیں۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور