مولانا کونظر ثانی کرنی چاہئے،اقتدار کے حصول کیلئے دیا جانے والا دھرنا کبھی کامیاب نہیں ہوگا:گورنر سندھ

مولانا کونظر ثانی کرنی چاہئے،اقتدار کے حصول کیلئے دیا جانے والا دھرنا کبھی ...
مولانا کونظر ثانی کرنی چاہئے،اقتدار کے حصول کیلئے دیا جانے والا دھرنا کبھی کامیاب نہیں ہوگا:گورنر سندھ

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)   گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صرف اقتدار کے حصول کیلئے دھرنا کبھی کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ عوام نے وزیر اعظم عمران خان کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے،موجودہ حکومت کسی چور دروازے سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے،22سال تک عمران خان نے محنت اور جدوجہد کرنے کے بعد یہ مقام حاصل کیا ہے اورکسی شارٹ کٹ کے ذریعے انہیں ہٹایا نہیں جا سکتا۔

کیڈٹ کالج پٹارو جامشورو میں28ویں آل پاکستان بائی لینگول ڈکلیمیشن کونٹیسٹ کی تقریب کے بعد میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پر امن احتجاج کرنا ہر کسی کا جمہوری حق ہے مگر اس کی آڑ میں کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی، مولانا کو اپنے اعلانات پر نظر ثانی کرنی چاہیے کیونکہ ملک دشمن عناصر ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں مگر وہ اپنے نا پاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ قبل ازیں کیڈٹ کالج پٹارو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ خوشی ہے کہ ملک میں کیڈٹ کالج جیسے ادارے موجود ہیں جہاں نہ صرف نصابی بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کی بہتر تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں میں اضافے کا بہتر مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو پاکستان کا بہترین اداراہ ہے جس نے تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ کیڈٹ کالج سے فارغ التحصیل نوجوان پاک فوج، صحت، تعلیم، اقتصادیات سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں،جو لوگ بڑے خواب دیکھتے ہیں وہ محنت اور لگن کے ساتھ ہر مشکل امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے طالب علموں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں آپ کیلئے سبق ہوتا ہے اور ہمیں مشکلات سے سیکھنا ہے اور شکست سے ڈرنا نہیں بلکہ ثابت قدم رہتے ہوئے جدوجہد کو جاری رکھنا ہے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی