اسلام آباد کی طرف مارچ بھی کریں گے،مطالبات تسلیم نہ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا:گرینڈہیلتھ الائنس
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر عالمگیر یوسفزئی نے کہا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے تک ان کا احتجاج جاری رہے گا جبکہ اسلام آباد کی طرف مارچ بھی کریں گے،اس موقع پر انہوں نے اپنی ایم بی بی ایس کی ڈگری بھی جلادی۔
خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے ان کاکہنا تھاکہ جب تک حکومت ان کےمطالبات نہیں مانتے تب تک احتجاج جاری رہے گا،وہ کسی بھی صورت ہسپتالوں کو پرائیوٹائز نہیں ہونے دیں گے، ان کا احتجاج ہر فورم پر جاری رہے گا، ایمرجنسی سروسز اب تک بند نہیں کی، اگر حکومت نے ہٹ دھرمی دکھائی تو وہ ایمرجنسی سروسز بھی بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے میڈیا کے سامنے اپنی ایم بی بی ایس کی ڈگری جلادی اور کہا کہ دیگر ڈاکٹرز بھی صوبائی اسمبلی کے سامنے اپنی ڈگریاں جلائیں گے، وہ اسلام آباد کی طرف مارچ بھی کریں گے، حکومت نے کئی مرتبہ ان کے ساتھ مذاکرات کے نام پر ڈرامہ کیا، ان سے تحریری طور پر تجاویز بھی طلب کی گئی تھی جو ان کے حوالے کردی گئی، ڈاکٹر ز ہر حد جانے کو تیار ہے اگر انہیں جیل میں ڈالا جاتا ہے تو ڈال دے لیکن اپنے موقف سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔