بارودی سرنگ دھماکوں کے شکار افراد کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی:کورکمانڈر پشاور

بارودی سرنگ دھماکوں کے شکار افراد کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی ...
بارودی سرنگ دھماکوں کے شکار افراد کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی:کورکمانڈر پشاور

  



پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر انتظام قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے خصوصی افراد کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد ہوا جس کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود تھے۔تقریب میں بیگم کور کمانڈر پشاور، ایم پی اے انیتہ محسود، سابق ایم این اے قیصر جمال آفریدی، سول افسران، فاٹا ڈیسیبل ویلفئیر آرگنائزیشن کے چیئرمین عرفان اللہ جان اور بارودی سرنگ دھماکوں سے متاثرہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں خصوصی افراد نے ان کی فلاح بہبود کیلئے فوج کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو خوب سراہا اور کہا کہ قبائلی اضلاع میں دہشت گردوں کے ہاتھوں بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کرنے کیلئے فوج دن رات کام کررہی ہے مگر اس میں مزید تیزی لانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جاسکے،خصوصی افراد نے کور کمانڈر پشاور سے انہیں روزگار، مفت تعلیم اور نوکریاں فراہم کرنے جیسے مطالبات کئے اور کہا کہ سول اداروں نے ان سے مکمل طور پر منہ موڑوڑ لیا ہے۔

کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل مظہر شاہین محمود نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بارودی سرنگ دھماکوں کے شکار افراد کےعلاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سی ایم ایچ میں بارودی سرنگ دھماکوں میں زخمی افراد کا فری علاج کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق اب تک فوج کی مدد سے سینکڑوں افراد کو مصنوعی ہاتھ پاوں لگ چکے ہیں،مستقبل میں بھی یہ سلسلہ نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اس کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کور کمانڈر نے بم دھماکوں کے شکار بچوں کو پشاور اور دیگر آرمی کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں فوری داخلہ دینے، پڑھے لکھے معذور افراد یا ان کے رشتہ داروں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور نوکریاں دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کا علاج معالجہ فوج اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔اس سلسلے میں کورکمانڈر نے فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیرمین عرفان اللہ جان کی طرف سے قبائلی اضلاع کی معذور افراد کیلئے کیے گئے اقدامات اور ان فلاح و بہبود کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔اس کے علاوہ کور کمانڈر نے قبائلی اضلاع کے معذور افراد کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کیلئے مختلف سکلز سکھانے اور اس کی خاطر خصوص مرکز بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ کور کمانڈر نے بتایا کہ باوردی سرنگوں کی صفائی کیلئے خصوصی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔تقریب کے اختتام پر فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے ممبران اور مہمانوں میں خصوصی شیلڈ بھی تقسیم کیے گئے۔کور کمانڈر نے آرگنائزیشن کے چیرمین عرفان اللہ جان کو ان کی خدمات پر ایوارڈ سے نوازا۔چیئرمین عرفان اللہ جان نے معذور افراد کیلئے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں کور کمانڈر کو خصوصی شیلڈ پیش کیا۔

مزید : علاقائی /خیبرپختون خواہ /پشاور