وزیرخارجہ سے افغان رہنما گلبدین حکمت یار کی ملاقات، افغان امن عمل پر بات چیت
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک افغان دو طرفہ تعلقات، افغانستان میں قیام امن کے لیے جاری بین الافغان مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیر خارجہ نے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار اور ان کے وفد کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا جبکہ حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کو ہم اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے کا امن واستحکام، افغانستان میں مستقل امن سے مشروط ہے۔ پاکستان خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا تھا کہ افغان مسئلے کے دیرپا حل کا واحد راستہ افغان قیادت کو قابل قبول سیاسی مذاکرات ہیں،ہمیں خوشی ہے کہ آج عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو سراہا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس افغانستان میں امن کی بحالی کا ایک نادر موقع ہے۔ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔
بعد ازاں افغانستان میں اقوام متحدہ امدادی مشن (یو این اے ایم اے) کیلئے سیکرٹری جنرل کی نمائندہ خصوصی مس ڈیبرا لیونز نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات بھی کی۔