نبی کریم حضرت محمد ﷺ خاتم النبیین اور رحمت اللعالمین ہیں ، عثمان بزدار

نبی کریم حضرت محمد ﷺ خاتم النبیین اور رحمت اللعالمین ہیں ، عثمان بزدار
نبی کریم حضرت محمد ﷺ خاتم النبیین اور رحمت اللعالمین ہیں ، عثمان بزدار

  

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید میلادالنبیؐ کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد  دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریم حضرت محمدﷺ خاتم النبیین اور رحمت اللعالمین  ہیں۔

اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمدﷺ کو تا قیامت تمام انسانو ں کی رہنمائی اور کامیابی کیلئے مبعوث فرمایا، آپ ﷺ کی نبوت اہل ایمان کیلئے اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا احسان ہے، رسول اللہؐ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے ، حضرت محمدﷺ سے محبت کا عملی تقاضہ آپ ﷺکی سیرت اور احکامات کی پیروی کا متقاضی ہے۔حضرت محمدؐ نے جہالت کے  اندھیروں میں ڈوبی انسانیت کو ایمان کی روشنی میں لا کھڑا کیا، نبی کریمؐ  کی ولادت کی گھڑیاں انسانی زندگی کے روشن ترین لمحات ہیں۔

سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ حضرت محمدؐ  کی تعلیمات سے حریت فکر اور مساوات کا دور شروع ہوا، آپؐ  کی آمد سے انسانیت پر علم و عرفان اور آگاہی کے در کھل گئے، نبی کریمؐ  نے اخلاقیات کی برائیوں سے مبرا فقیدالمثال معاشرہ قائم کیا، عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل سیرت النبیؐ میں پنہاں ہے، سیرت النبیؐ  کو پورے طور پر اپنانا ہی اللہ کے نبیﷺ سے محبت کا حقیقی طریقہ ہے، نبی کریمؐ  پوری کائنات کیلئے محسن بن کر آئے، حضورکریمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا جو پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نبی آخرالزماںﷺ  نے امن،اخوت،احترام انسانیت، مساوات،عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا، افسوس کا مقام کہ آج ہم پیارے نبی کریمؐ  کی تعلیمات کو بھلا چکے ہیں، اور یہی ہمارے زوال کی بڑی وجہ ہے۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -