سروری جماعت کی"آمد مصطفی ﷺ"ریلی جاری ، دنیا کا حقیقی امن آقائے دو جہاںﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں سے ہی ممکن ہے:بابا جانی سرکار

سروری جماعت کی"آمد مصطفی ﷺ"ریلی جاری ، دنیا کا حقیقی امن آقائے دو جہاںﷺ کے ...
سروری جماعت کی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف سروری جماعت کے زیر اہتمام جشن ولادت کے حوالے سے"آمد مصطفی ﷺ"ریلی نکالی جارہی ہے،  سلسلہ سروری کے روحانی پیشواحضرت سخی سلطان بابا جانی سرکار اللہ والے ریلی کی قیادت کر رہے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق سروری جماعت کے زیر اہتمام درود و سلام ، ذکر واذکار اور نعتوں سے مہکتی اور گونجتی فضائوں میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ریلی نکالی جارہی ہے،ریلی میں صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں کے ہر عمر اور طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک ہے، شیر خواربچے، نوجوان، ادھیڑ عمر افراد اور خواتین پر مشتمل ریلی کے شرکاء بسوں ، کاروں، موٹرسائیکلوں، چنگ چی، رکشوں، ٹرالیوں، بیل گاڑیوں، آٹو رکشوں اور سائیکلوں پر سوار ہیں،ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھےہیں ،جن پر آقائے دوجہاں ﷺ کی آمداور حیات طیبہ کے حوالےسے نعرے اور اشعار درج ہیں۔ریلی سروری جماعت کے مرکز جامع مسجد تقوی ہربنس پورہ لاہور سے روانہ ہوئی اور ہربنس پورہ ، مغلپورہ چوک، شالیمار لنک روڈ، باغبانپورہ سنگھ پورہ سے ہوتی ہوئی براستہ گڑھی شاہو لاہور پریس کلب شملہ پہاڑی پہنچی چکی ہے،شملہ پہاڑی سے ہوتے ہوئے ریلی چئیر نگ کراس مال روڈ پہنچے گی جہاں حاضرین کلمہ طیبہ اور اسمائے الحسنہ ذکر واذکارکیا جائے گا،گورنر ہاؤس مال روڈ سے ہوتی ہوئی دھرم پورہ اور پھر صدر گول چکر پر حضرت بابا جانی سرکار اختتامی دعا کروائیں گے، راستے میں درجنوں مقامات پرعقیدت مندوں نے گل پاشی اور فلک شگاف نعرے لگا کر ریلی کا والہانہ استقبال کیا۔

سلسلہ سروری کے روحانی پیشوا باباجانی سرکار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلمے حق کی ترویج،ایثار،خدمت اور دوسروں کے لیے محبت کے جذبات رکھنا ہی آقائے دوجہاںﷺ کا پیغام ہے ،آقائے دو جہاںﷺ دنیا کے عظیم مفکر، فلاسفر، اور منتظم ہیں،جنہوں نے دنیاکو آفاقی نظام دیا،جنوبی ایشیا سمیت دنیابھر میں حقیقی امن کا قیام آقائے دوجہاںﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل سے ہی ممکن ہے۔بابا جانی سرکار کا کہنا تھا کہ پاکستان کلمہ کی بنیاد پر وجود میں آیا ،کوئی طاقت اس کو مٹا نہیں سکتی،پاکستان اللہ کا عظیم تحفہ ہے،ہمیں اس کی قدرکرنا ہے،دنیا کی جدید ویلفیئر سٹیٹس آقائے دو جہاں ﷺ کے متعارف کروائے گئے اخوت اور بھائی چارے کے نظام پر عمل پیرا ہیں۔