پاک بھارت ٹاکرا، سابق کوچ نے بھارتی ٹیم کو فیورٹ قرار دیدیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق قومی کرکٹر اور کوچ مدثر نذر نے ٹی 20 ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرے میں بھارت کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیدیا۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ فخرزمان اور رضوان کو بطور اوپنر شامل کیا جاناچاہیے۔تیسرے نمبرپر بابراعظم، پھر محمد حفیظ اور شعیب ملک کو جگہ دی ہے جب کہ پاورہٹر کے طورپر مدثر نذر نے آصف علی کو حیدرعلی پر ترجیح دی ہے۔ حیدر علی نمبر تھری پر موزوں چوائس ہے لیکن آخری اوورز میں آصف علی کی موجودگی پاکستانی ٹیم کے لیے زیادہ فائدہ مندثابت ہوسکتی ہے، آصف علی ہر گیند کو باؤنڈری سے پار پہنچانے کی اہلیت رکھتاہے۔ نمبر سات پر شاداب خان، آٹھ پر عماد وسیم، اس کے بعد حسن علی پھرشاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف ہونے چاہیں۔
مدثر نذر کا کہنا تھا کہ روہت شرما ہمیشہ بائیں ہاتھ کے بولر کے سامنے پریشان دکھائی دیتے ہیں، شاہین شاہ آفریدی نئی گیند کے ساتھ روہت اور کوہلی دونوں کو کافی تنگ کرسکتےہیں اور ان دونوں کو جلد آوٹ کرنا بہت ضروری ہے۔ جس طرح کوہلی کو راشد خان نے مشکل میں ڈالاہے، اس طرح شاداب خان کو بھی کردار ادار کرنا پڑے گا۔ مجموعی اعتبار سے دونوں ٹیموں کی بولنگ میں زیادہ فرق نہیں، ان کنڈیشز میں یقینی طورپر بھارت کی ٹیم فیورٹ کے طورپر میدان میں اترے گی۔ پاکستان کی طرف سے بابراعظم، فخر ، رضوان کو زیادہ وکٹ پر قیام کرنا پڑے گا جب کہ تجربہ کار شعیب ملک اور حفیظ کو بھی اپنا انتخاب منوانا ہوگا، سب کی نظریں ان دونوں پر بھی ہوں گی۔