ڈاکٹر نے پتھری کی بجائے گردہ ہی نکال دیا، مریض کی موت ہوگئی
احمد آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست گجرات میں ڈاکٹر نے گردے کی پتھری نکلوانے کیلئے آنے والے مریض کی پتھری کی بجائے گردہ ہی نکال دیا جس کے باعث اس کی موت ہوگئی۔ گجرات کے کنزیومر ڈسپیوٹ ریڈریسل کمیشن نے ہسپتال کو حکم دیا ہے کہ وہ مرنے والے شخص کے لواحقین کو 11 لاکھ روپے کا ہرجانہ ادا کرے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ضلع ماہی ساگر میں دویندر بھائی راول کو 2011 میں گردے کی پتھری کے آپریشن کیلئے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسے گردے میں تکلیف تھی جس کے بعد اس نے کے ایم جی جنرل ہسپتال میں ایک ڈاکٹر سے رابطہ کیا جس نے بتایا کہ اس کے بائیں گردے میں 15 ملی میٹر کی پتھری ہے جس کو نکالنے کیلئے آپریشن کرنا پڑے گا۔ ڈاکٹر نے آپریشن کے دوران پتھری کی بجائے مریض کا گردہ ہی نکال دیا جس کے بعد وہ چند ماہ موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد 8 جنوری 2012 کو انتقال کرگیا۔
ڈاکٹر کی غفلت کے خلاف مریض کے لواحقین نے کنزیومر ڈسپیوٹ ریڈریسل کمیشن سے رجوع کیا جس نے نو سال بعد فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ مریض کے لواحقین کو 11 لاکھ 23 ہزار روپے کا ہرجانہ ادا کرے ۔