پاک،چین تعلقات نسل درنسل گہرے سے گہرے ہوئے:زرداری

پاک،چین تعلقات نسل درنسل گہرے سے گہرے ہوئے:زرداری
پاک،چین تعلقات نسل درنسل گہرے سے گہرے ہوئے:زرداری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستانہ اور کثیر الجہتی تعلقات آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اترے ہیں اور بین الریاستی تعلقات کے موجودہ دور میں ایسے منفرد اور گہرے روابط کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ چینی سفارتخانے میں عوامی جمہوریہ چین کے 63 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری دوستی کی جڑیں تاریخ اور مشترکہ ثقافتی ورثے میں ہیں۔یہ ہمارے عظیم رہنماﺅں شہید ذوالفقار علی بھٹو، چیئرمین ماﺅزے تنگ اور وزیراعظم چو این لائی کی بصیرت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان عظیم رہنماﺅں نے ہمارے عشروں پرانے تعلقات کی بنیاد رکھی جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ جو چیز حقیقتاً ہماری دوستی کو ممتاز کرتی ہے وہ دونوں عوام میں پائے جانے والے گہرے جذبات ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام مشکل ادوار میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے ہیں۔وہ آزمائش کی ہر گھڑی سے اکٹھے گزرے ہیں ان کے تصورات یکساں ہیں۔ یہ تصورات آزادی، وقار اور ترقی و خوشحالی کی پر امن جستجو کے حق سے عبارت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور چین کی حکومتوں نے اپنے تعلقات کو نئی توانائیاں بخشی ہیں۔ ہم نے اعلیٰ سطح کے دوروں اور تبادلوں کو مضبوط انداز میں فروغ دیا ہے۔ صدر نے کہا کہ انہوں نے چار برسوں میں چین کا 9 مرتبہ دورہ کیا جن سے سٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کی جانب سے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے اس سے یہ بات بھی یقینی ہوتی ہے کہ ہمارے تعلقات اگلی نسلوں تک منتقل ہوئے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین اپنی نئی نسل کے خوشحال مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں کہ ہمارے بچوں کو ایک خوشحال اور ہم آہنگ دنیا ورثے میں ملے۔ انہوں نے کہا کہ چین خطہ اور دنیا میں امن کا باعث ہے۔یہ ترقی پذیر ممالک کیلئے امید کی کرن ہے اور تیسری دنیا کے ممالک کے عوام کے لیے باعث حوصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 63 برس سے چین کا تاریخی عروج اس کے رہنماﺅں کی بصیرت کا واضح ثبوت ہے۔ صدر نے کہا کہ وہ ایشیاءاور اس سے باہر امن اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے چین کے کردار کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت، عوام اور اپنی جانب سے چین کے قومی دن پر چین کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ صدر آصف علی زرداری نے چین کے سفیر لیو جیان کے توسط سے چین کے صدر ہو جن تاﺅ اور چینی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ، وفاقی وزرائ، ارکان پارلیمان، ممتاز سیاسی شخصیات، سفارتکاروں اور سینئر سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ قبل ازیں چین کے سفیر لیو جیان نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی موجودگی پاک چین منفرد اور پائیدار دوستی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت اور عوام پاک چین آزمودہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔یہ تعلقات خطہ میں امن اور استحکام کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدا بہار اور کثیر الجہتی ہے۔ پاک چین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ چینی سفیر نے صدر آصف علی زرداری کے گزشتہ چار برسوں کے دوران متعدد دوروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاک چین گہرے روابط کی عکاسی ہوتی ہے۔ پاک چین تعلقات ہر گزرنے والے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ ہم پاکستان سے تعلقات کی بہت قدر کرتے ہیں اور ان کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے عوام اور حکومت کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ قبل ازیں تقریب کے آغاز پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ بعد ازاں صدر نے چینی سفیر کے ہمراہ چین کے قومی دن کی 63 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔

مزید :

اسلام آباد -