کراچی، اسلام آباد میں امریکی قونصل خانے نے ویزا آپریشن معطل کر دیا
کراچی(ثناءنیوز ) کراچی میں قائم امریکی قونصل خانے میں تمام قسم کے ویزا آپریشن معطل کردیئے گئے ہیں۔ جب کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں پبلک سروس معطل کردی گئی۔ اسلام آباد اور کراچی میں قائم قونصل خانے اور سفارت خانے میں ویزا سروس بھی معطل کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق قونصل خانے میں تعینات پاکستانی عملے کو چھٹیوں پر بھیج دیا گیا جب کہ قونصل خانے میں کام کرنے والے امریکی عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ امریکا میں بننے والی گستاخانہ فلم کے خلاف پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی شدید مظاہرے جاری ہے۔ حالیہ دنوں میں کراچی میں ہونے والے پر تشدد مظاہروں کے بعد کراچی میں کام کرنے والے امریکی قونصل کے عمل کو سرگرمیاں معطل کرنے کے بعد رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔ امریکی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں پبلک سروس بند ہے، جب کہ کراچی اور اسلام آباد میں ویزا سروس معطل ہے۔ترجمان کے مطابق حالات کا جائزہ لے کر ویزا سروس کھولنے کافیصلہ کیا جائے گا۔