حکومت نے کراچی میں ٹارگٹ کلرز کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے، منور حسن

حکومت نے کراچی میں ٹارگٹ کلرز کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے، منور حسن

لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے گزشتہ روز کراچی میں ٹارگٹ کلرز کے ہاتھوں قتل ہونے والے جماعت اسلامی کے کارکن ڈاکٹر پرویز محمود اور آج پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے عبدالواحد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کل پورے ملک میں یوم احتجاج منانے کی اپیل کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو ہاتھ پاﺅں باندھ کر خونخوار بھیڑیوں کے آگے ڈال دیاہے جو بے دردی سے معصوم انسانوں کو چیر پھاڑ رہے ہیں۔ ڈاکٹر پرویز محمود اور عبدالواحد کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور قاتلوں کو جلد عبرتناک انجام سے دوچار ہوناپڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے کی ٹارگٹ کلرز کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں ۔ بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کے ہاتھوں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ۔ ہر طرف ایک خوف و ہراس کی فضا ہے ۔ملکی سلامتی کے ذمہ دار وں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس قاتلوں کے جرائم کے تمام ثبوت موجود ہیں۔ سید منور حسن نے ڈاکٹر پرویز محمود اور عبدالواحد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...