برطانوی شہر گلاسگو میں پاکستانی اسٹیج فنکاروں کی زبردست پرفارمنس
لاہور(فلم رپورٹر) برطانوی شہر گلاسگو میں پاکستانی اسٹیج فنکاروں کی زبردست پرفارمنس نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کردیا۔ اداکارہ نرگس اور امانت چن کی پرفارمنس نے شائقین ڈرامہ کے دل جیت لیے۔ برطانوی پروموشن ادارے گوشی انٹرٹینمنٹ کا پاکستانی ڈرامہ” موج مستی میلہ“ فائیو سٹار ہوٹل میریٹ میں پیش کیا گیا جسے دیکھنے کے لئے شائقین نہ صرف گلاسگو بلکہ ایڈنبرا ، ڈنڈی اور ایبرڈین سے بھی آئے تھے۔برطانیہ کے پہلے مسلمان سابق ممبر پارلیمنٹ چوہدری سرور ، پاکستانی و بھارتی فلموں کے معروف پروموٹر آفتاب فیاض، پیپلز پارٹی کے رہنماءمرزا سرفراز احمد ، تحریک انصاف سکاٹ لینڈ کے صدر عمران ادریس، پاکستان مسلم لیگ سکاٹ لینڈ کے صدر امین مرزا سمیت پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں شائقین اس موقع پر موجود تھے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کوئی پاکستانی سٹیج ڈرامہ کسی فائیو سٹار ہوٹل میں منعقد کیا گیاجسے شائقین نے بھرپور پذیرائی بخشی۔ ڈرامے کی کاسٹ میں نرگس، امانت چن، ظفر ارشاد، زبیر، پرویز خان، ماہی، شکیل ، نازلی اور دیگر شامل تھے۔ ڈرامہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے حوالے سے اچھوتے موضوع اور ادکاروں کے منفرد انداز کی وجہ سے عوامی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور ایک مکمل فیملی انٹرٹینمنٹ ثابت ہوا۔ ڈرامے کے پروموٹر فیصل گوشی نے بتایا کہ سٹیج ڈرامے پاکستان کی ثقافت کا ایک اہم حصہ ہیں جبکہ کچھ عرصہ سے غیر معیاری سٹیج ڈراموں کی وجہ سے عوام سٹیج کارخ نہیں کر رہے تھے مگر پاکستان سے آئے ہوئے فنکاروں نے ایک مکمل اور معیاری ڈرامہ پیش کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی فنکار وں کا موازنہ دنیا کے بہترین فنکاروں سے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائیو سٹار ہوٹل کے وسیع ہال میں پاکستانی سٹیج ڈرامہ منعقد کرنے کا تجربہ خاصا کامیاب رہا ہے اب وہ پاکستانی ثقافت کی پروموشن مزید جوش و خروش سے کریں گے۔ اداکارہ نرگس کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت سے بیرون ملک اسٹیج ڈرامے کیے ہیں لیکن گلاسگو میں ڈرامہ کرنے کا اپنا ہی لطف ہے۔ یہاں کی آڈینز بہت پیار کرنے والی ہے اور وہ آئندہ بھی یہاں آتی جاتی رہیں گی۔ اداکار امانت چن کا کہنا تھا کہ گلاسگو کے لوگوں کی طنزومزاح کی حس بہت اچھی ہے اور وہ ہر اس بات پر داد دیتے ہیں جو اچھی ہو۔ ظفر ارشاد نے بھی یہاں پر ڈرامہ کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ فنکار ملک میں رہ کر تو اپنا فن دکھاتے ہیں ان کو بیرون ملک میں بھی پاکستانی فن کو پھیلانے کا موقع ملتا ہے۔