آنگ سان سوچی امریکہ کا دوسرا بڑا سول اعزاز آج وصول کرینگی

آنگ سان سوچی امریکہ کا دوسرا بڑا سول اعزاز آج وصول کرینگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اے پی پی) میانمار کی اپوزیشن رہنما آنگ سان سوچی اپنے دورہ امریکہ کے دوران امریکہ کا دوسرا بڑا سول اعزاز کانگریشنل گولڈ میڈل آج وصول کرینگی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق آنگ سان سوچی اپنے 18 روزہ دورہ امریکہ پر پیر کے روز واشنگٹن پہنچی ہیں۔انہیں جمہوریت کیلئے ان کی لازوال خدمات اور 15 سال سے زائد جوانمردی سے نظر بندی کی زندگی گزارنے کے اعتراف میں امریکہ کا دوسرا بڑا سول ایوارڈ کانگریشنل گولڈ میڈل دیا جائیگا۔ اس کے علاوہ آنگ سان سوچی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سمیت امریکی حکام سے ملاقاتوں سمیت 100 مختلف تقریبات میں شرکت کرینگی۔ توقع ہے کہ صدر بارک اوباما اپنی انتخابی مہم کے باوجود کچھ وقت نکال کر ان سے ملاقات کریں گے۔ سوچی کے ترجمان جوکرولی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ امریکی قانون ساز میانمار کی خاتون رہنما کو کانگریشنل گولڈ میڈل کی عطائیگی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں جنہوں نے زندگی کے پندرہ برس جمہوریت کی بقاءکیلئے نظر بندی میں گزارے۔ ادھر میانمار کے صدر تھین سین بھی اگلے ہفتے سے امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں جس کیلئے پیشگی اقدامات کے طور پر انہوں نے ملک میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔ ان کے دورے کے دوران صدر اوباما کی ان سے ملاقات کے امکانات واضح نہیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن رہنما سے ملاقات کے باوجود صدر اوباما میانمار کے صدر سے نہیں ملتے تو اس کے نتائج برے بھی ہو سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ آنگ سان سوچی کی جماعت نے 1990ءکے انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی مگر فوجی حکام نے نتائج کو تسلیم نہ کرتے ہوئے انہیں نظر بند کر دیا تھا۔

مزید :

عالمی منظر -