بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد کو طاقت کے بل پر دبانا چاہتا ہے ‘شبیر شاہ
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماءاورجموںو کشمیرڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈالنے اور کشمیر یوں کی حق پر مبنی تحریک آ زادی کوطاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت ظلم و تشدد کے ذریعے کشمیریوں کی پر امن جدوجہد آزادی کو دبانے کے اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ جموںو کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت اور پا کستان کے درمیان تعلقات میں بہتری بھی ممکن نہیں کیونکہ مسئلہ کشمیر ہی دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات کا بنیادی سبب ہے۔شبیر شاہ نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کو التوا میں ڈالنے کی کوششوں سے دونوںہمسایہ جو ہری طاقتوں کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہوں گے ۔انہوںنے عوامی انتفادہ کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد کے علاقے کھنہ بل میں شہید ہونے والے تین کشمیری نوجوانوںنورالامین ڈگہ،بلال احمد نجار اور معروف احمد ناتھ کے قاتل آج تک آزاد ہیں اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی انہوںنے کہاکہ پولیس نے عدالت عالیہ کے احکامات کے باوجود ابھی تک ان نوجوانوں کے قاتلوں کے خلاف مقدمہ تک درج نہیں کیا ہے جوکہ مقبوضہ علاقے میں موجود لاقانونیت کی واضح مثال ہے ۔حریت رہنماءنے جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا۔