سندھ کے صنعتی علاقوںمیں گیس کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ
(مانیٹرنگ ڈیسک)سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ میں صنعتی علاقوں اورکیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا۔ ایک ہفتے میں دوسری بار دو دن گیس کی فراہمی بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ صنعتوں اور کیپٹو پاور پلانٹس کو جمعہ کی صبح سات بجے سے اتوار کی صبح سات بجے تک گیس کی فراہمی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔کمپنی ترجمان کے مطابق بعض گیس فیلڈز سے گیس سپلائی میں کمی سے لائن میں پریشر کم ہونے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔اس سے قبل بھی اسی بات کو جواز بناکر صنعتوں اور کیپٹو پاور پلانٹس کو رواں ہفتے اتوار اور پیر کے روز گیس کی فراہمی بند رکھی گئی تھی۔ صنعتی تنظیموں کے مطابق مذکورہ صورتحال کے باعث صنعتی پیداوار بری طرح متاثر اور صنعتوں میں کام ٹھپ ہونے کے علاوہ ہزاروں افراد کا روز گار متاثر ہورہا ہے ۔