حیدری بم دھماکوں کے مبینہ ملزم کا خاکہ جاری
کراچی (مانیٹر نگ ڈیسک) شہر قائد میں گزشتہ روز ہونے والے حیدری بم دھماکوں کے مبینہ ملزم کا خاکہ جاری کردیا گیا ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق دھماکے میں ملٹی ڈائرکشنل امپرووائیذڈ ڈیوائس استعمال کی گئی جس سے نقصان زیادہ ہوا۔کراچی میں گزشتہ روز حیدری میں ہونے والے دو بم دھماکوں کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ، ایکسپلوزو ایکٹ، قتل اور زخمی کرنے کی دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے تحت درج کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں پولیس نے ایک ملزم کا خاکہ جاری کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خاکہ اس ملزم کا ہے جس نے 3ستمبر کو رضویہ سوسائٹی سے موٹرسائیکل چھینی تھی۔ اس واردات میں اس کے ساتھ دو ساتھی بھی ملوث تھے تاہم پولیس ان کا خاکہ تیار نہیں کر سکی ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق دھماکے میں ریمورٹ کنٹرول ملٹی ڈائرکشنل امپرووائذڈ ڈیوائس استعمال کی گئی جو دیسی ساختہ تھی اور اس میں کئی کلوگرام دھماکا خیز مواد اور بیرنگ بالز استعمال کی گئیں۔ تفتیش کاروں کے مطابق دھماکے کا ہد ف مقامی آبادی تھی کیونکہ اسی مقام سے 13اگست کی شب کئی کلو وزنی آئی ای ڈی برآمد کی گئی تھی کہ جبکہ اگست کے شروع میں اسی قسم کی کم نوعیت والی ڈیوائس سے یوپی موڑ کے قریب دھماکا کیا گیا تھا۔