ٹیوٹابیروزگار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈز بنانے کیلئے تربیت دے گی‘ عرفان قیصر شیخ

ٹیوٹابیروزگار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈز بنانے کیلئے تربیت دے گی‘ عرفان ...

  

لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ ٹیوٹابیروزگار نوجوانوں کو سکیورٹی گارڈز بنانے کیلئے تربیت دے گی۔ تین ماہ دورانیہ کا یہ کورس آئندہ ماہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی رائے ونڈروڈاور گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گلبر گ میں شروع کیا جا رہا ہے ۔کامیاب آغاز کے بعد اس کورس کوصوبہ کے دوسرے شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورس کو شروع کرنے کیلئے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں جائزہ کار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرچیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران عبدالقیوم، انجینئر اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ،ہارون نصیر، مصطفی کمال پاشا، سرفراز انور ، عامر حسن، مقصود احمداور دیگر بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ اس وقت عرب ممالک کو تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز کی اشد ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں بیرون ملک بہت سے اداروں نے ٹیوٹا سے ماہر افرادی قوت کی دستیابی کیلئے رجوع کیا ہے۔ٹیوٹا کے اداروں میں کورس میں تربیت حاصل کرنے کے بعد ملکی و بین الاقوامی سطح پر روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔اس کورس میں داخلے کیلئے عمر کی حدکم از کم عمرا کیس سال اور زیادہ سے زیادہ 27سال ہو گی۔داخلے کیلئے تعلیمی قابلیت میٹرک پاس جبکہ ایف اے اور زیادہ قابلیت والوں کو ترجیح دی جائے گی۔ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کامیاب امیدواروں کوسرٹیفکیٹ فراہم کرے گا۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ اس کورس کے آغاز کیلئے بین الاقوامی معیار کا نصا ب تیار کیا گیا ہے ۔ سٹاف سورس انٹرنیشنل قطر کے چیف ایگزیکٹیو اشوک شریستھا نے اپنے حالیہ دورہ کے دوران تیار کئے گئے نصاب کو سراہا ہے اور تربیت یافتہ ماہر سکیورٹی گارڈز کو قطر میں روزگار کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔

مزید :

کامرس -