یوتھ پروگرام قرض پر شرح سود میں کمی ‘ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا،ظہیر بھٹہ

یوتھ پروگرام قرض پر شرح سود میں کمی ‘ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا،ظہیر ...

  

لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے وزیراعظم پاکستان کی طرف سے یوتھ پروگرام کے تحت قرض پر شرح سود 8فیصد سے کم کرکے 6فیصد کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یوتھ پروگرام کے تحت قرض پر شرح سود میں کمی سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر پڑھے لکھے نوجوانوں کی کثیر تعداد بے روزگاری کا شکار ہے اور وہ ملک کے لیے کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں لیکن سرمایہ کی عدم فراہمی ان کی راہ میں رکاوٹ ہے اب انہیں یوتھ پروگرام کے تحت آسان شرائط اور کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی کے بعد نوجوان نسل کی کاروبار میں شمولیت سے ملک ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ظہیر بھٹہ نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کی تعداد کل آبادی کا 60فیصد سے زیادہ ہے جن میں بے روزگاروں کی اکثریت ہے اب انہیں کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضہ ملنے سے وہ مختلف کاروبار کریں گے نئی صنعتیں قائم ہونگی۔

اور نئی نسل کیلئے روزگار کے وافر مواقع بھی میسر آئیں گے جس سے ملک کے اندر بے روزگاری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو دیئے گئے قرضوں میں شرح سود میں مزید کمی کروائیں تاکہ اس پروگرام کی افادیت میں اضافہ ہوں اور زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے استفادہ حاصل کرسکیں ۔اس سے ملکی معیشت بھی بحال ہوگی او ر اس کی بدولت کو کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگااور حکومت معاشی بحران سے باہر نکل آئے گی۔

مزید :

کامرس -