سلطان جوہر جونیئرز ہاکی ٹورنامنٹ کے ڈراز کا اعلان
کوالالمپور (اے پی پی) آئندہ ماہ شیڈول سلطان آف جوہر جونیئرز ہاکی ٹورنامنٹ کے ڈراز کا اعلان کر دیا گیا، پاکستانی ٹیم 11 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ ایونٹ 11 سے 18 اکتوبر تک ملائیشین شہر جوہر بارو میں کھیلا جائے گا، بھارت کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی، گزشتہ ایڈیشن میں بھارت نے برطانیہ کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ 8 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں میزبان ملائیشیا سمیت چھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن میں پاکستان، بھارت، برطانیہ، ارجنٹائن اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ ایونٹ میں پاکستان، بھارت اور ملائیشیا کو جونیئر ایشیا کپ کی تیاری میں مدد ملے گی جو کہ رواں سال نومبر میں ملائیشیا میں ہی کھیلا جائے گا۔ اعلان کردہ ڈراز کے مطابق ابتدائی روز تین میچز کھیلے جائیں گے، ارجنٹائن کا مقابلہ آسٹریلیا، پاکستان کا مقابلہ بھارت اور برطانیہ کا مقابلہ ملائیشیا سے ہو گا، 12 اکتوبر کو کھیلے جانے والے میچز میں آسٹریلیا کا مقابلہ پاکستان، برطانیہ کا بھارت اور ملائیشیا کا ارجنٹائن سے ہو گا، 13 اکتوبر کو آرام کا دن ہو گا، 14 اکتوبر کو برطانیہ کا مقابلہ پاکستان، ارجنٹائن کا بھارت اور آسٹریلیا کا ملائیشیا سے ہو گا، 15 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ ارجنٹائن، برطانیہ کا آسٹریلیا اور ملائیشیا کا بھارت سے ہو گا، 16 اکتوبر کو آرام کا دن ہو گا جبکہ 17 اکتوبر کو آخری میچز کھیلے جائیں گے، ارجنٹائن کا مقابلہ برطانیہ، آسٹریلیا کا بھارت اور پاکستان کا ملائیشیا سے ہو گا۔ ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو کھیلا جائے گا اور اسی روز تیسری اور پانچویں پوزیشنز کیلئے بھی میچز کھیلے جائیں گے۔