فیفا کے سیکرٹری جنرل جیروم والک عہدے سے معطل

فیفا کے سیکرٹری جنرل جیروم والک عہدے سے معطل

  

زیورخ(اے پی پی) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے سیکرٹری جنرل جیروم والک کو عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے، ان پر ٹکٹوں کو اصل قیمت سے ہٹ کر فروخت سمیت کئی الزامات عائد کئے جار رہے ہیں، سیکرٹری جنرل اگلے نوٹس تک عہدے سے معطل رہیں گے۔ دوسری جانب جیروم والک نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور توہین آمیز قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال مئی میں فیفا کے عہدیدران پر کرپشن کے الزامات سامنے آئے تھے۔ سوئس پولیس نے اس سلسلے میں سات افراد کو گرفتار بھی کیا۔ دوسری جانب امریکی حکام نے فیفا کے عہدیدران پر فرد جرم بھی عائد کر دی ہے۔ فیفا کے سیکرٹری جنرل کو ممکنہ طور پر تنظیم کے نئے صدر کے طور پر بھی دیکھا جا رہا تھا تاہم اب انہیں تنظیم کی جانب سے رسمی تحقیقات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حال ہی میں فیفا کی جانب سے کرپشن سے نمٹنے کے لیے ٹاسک فورس بھی قائم کی گئی تھی۔ والک اس سے پہلے ہی سکروٹنی کے عمل سے گزر چکے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں ان سے ایک کروڑ ڈالر رشوت کا الزام سامنے آیا تھا جس کو وہ تردید کر چکے ہیں، امریکی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ یہ رقم جنوبی افریقہ کی طرف سے سابق نائب کپتان جیک وارنر کو 2010 ورلڈ کپ کی میزبانی دینے کے لیے بولی میں حمایت دینے پر دی گئی تھی۔ یہ کہا جاتا ہے کہ وہ رقم فیفا کے بنک اکاؤنٹ سے وارنر کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی، ذرائع ابلاغ کے مطابق جیروم والک ہی وہ اعلیٰ افسر تھے جنہوں نے ادائیگوں پر دستخط کئے۔ سیکرٹری جنرل جیروم والک ان الزامات کو من گھڑت قرار دے چکے ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -