’’پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ 2015 برائے موسیقی‘‘ کا انعقاد

’’پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ 2015 برائے موسیقی‘‘ کا انعقاد
 ’’پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ 2015 برائے موسیقی‘‘ کا انعقاد

  

لاہور(فلم رپورٹر)پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر، محکمہ اطلاعات و ثقافت، حکومت پنجاب کے تحت ’’پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ 2015 برائے موسیقی‘‘ نوازنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ سال 2015ء کے لئے یہ ایوارڈ معروف لوک گلوکار اللہ دتہ لونے والا کو دیا گیا۔ اس ایوارڈ کی مالیت مبلغ 100,000/- روپے مع اعزازی شیلڈ ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال یہی ایوارڈ نامور گلوکار شوکت علی کو دیا گیا تھا۔ صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز خان اور پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب الحاج رانا محمد ارشد نے اللہ دتہ لونے والا کو ایوارڈ پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ حکومت پنجاب زبان، فن اور ثقافت کے فروغ کے لئے ادباء، شعراء، فنکاروں اور گلوکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ الحاج رانا محمد ارشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب کے زیر سایہ پنجاب کے فنون، ثقافت اور تاریخ کی حفاظت و اشاعت کے لئے اپنا خصوصی کردار ادا کر رہی ہے ۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر صغرا صدف نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے اداکاروں، فنکاروں کی حوصلہ افزائی فن و ثقافت کے فروغ کا اہم حصہ ہے۔ اللہ دتہ لونے والا کے فرزند معروف گلوکار ندیم عباس لونے والا نے بھی اپنے مشہور گانے گا کر محفل لوٹ لی۔ موسیقی کی شان شوکت علی ‘ ان کے بیٹے عمران شوکت ‘ نامور گلوکارہ افشاں ‘ لوک گلوکار اکرم راہی ‘ لوک گلوکار عارف لوہار ‘ زمن عباس، ریحان ہاشمی، ممتاز اقبال ‘ احسن علی ‘پروڈیوسر محسن جعفر، اداکار راشد محمود، گلوکار انور رفیع، گلوکار طارق طافو، استاد قادر علی شگن، ریڈیو پاکستان کے پروڈیوسر اور اللہ دتہ لونے والا کے صاحبزادے ظہیر عباس، ڈاکٹر نذیر چودھری اور ریحانہ اختر نے تقریب میں شرکت کی اور اللہ دتہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید :

کلچر -