حکومت کی اعلان کردہ گزشتہ سال کی سبسڈی تاحال کسانوں کو نہیں ملی، تنویرکائرہ

حکومت کی اعلان کردہ گزشتہ سال کی سبسڈی تاحال کسانوں کو نہیں ملی، تنویرکائرہ

  

لاہور( سٹی رپورٹر)سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی پنجاب، تنویر اشرف کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے کسان پیکج پر بھی عملدرآمد نہیں ہو گا کیونکہ حکومت نے پچھلے سال بھی چاول کے کاشتکاروں کو 5 ہزار روپے فی ایکڑ پر سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا جو پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کسان پیکج کے تحت اعلان کا بھی وہی حشر ہو گا جیسا کہ پہلے ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسان پیکج دے کر کسانوں کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کی ہے لیکن وہ حکومت کے جال میں پھنسنے والے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کا بنیادی مسئلہ سپورٹ پرائس کا ہے جس کا حکومت کو اعلان کرنا چاہیےے تاکہ ان کو اپنی محنت کا پھل مل سکے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو ہدایات بھی جاری کرے اور فنڈز بھی دے تا کہ وہ کسانوں سے انکی تمام زرعی اجناس اس طرح خریدے تا کہ ان کو اپنی محنت کا پھل ملے اور وہ آڑتیوں کے استحصال سے محفوظ رہیں۔ تنویر اشرف کائرہ نے کسان پیکج کی جاری اشتہاری مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پری پول دھاندلی ہے کیونکہ اس کا اعلان اس وقت ہوا ہے جب مقامی حکومتوں کے اور ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اشتہاری مہم کا نوٹس لیتے ہوئے اسے فورًا بند کرنے کی ہدایات جاری کرے کیونکہ انتخابی عمل کی غیر جانبداری کا سوال ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -