پٹوار خانوں میں جعلی پٹواریوں کی بھر مار عیدی کے نام پر رشوت وصولی

پٹوار خانوں میں جعلی پٹواریوں کی بھر مار عیدی کے نام پر رشوت وصولی

  

 لاہور(عامر بٹ سے)محکمہ ریونیو کی تحصیل کینٹ کی قانون گوئی کینٹ کے پٹوار سرکل سجپال،گواہا،چوہنگ خورد کیراں،کوہاڑ کے پٹوار سرکل جعلی پٹواریوں نے سنبھال لئے ،عیدی مہم کے نام پر رشوت وصولی عام ،شہریوں کی کثیر تعداد رشوت وصولی کے طریقہ کار اور اختیارات سے تجاوز کرنے جیسے اقدامات کے خلاف سراپا احتجاج بن گئی ،ڈائیریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب ، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ سیمت تحصیلدار کینٹ سے بھی نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے ،روزنامہ پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے سروے کے دوران تحصیل کینٹ کی حدود میں آنے والے پٹوار سرکل چوہنگ خورد کیراں ،کوہاڑ،سیجپال،گواہا سمیت دیگر موضع جات میں تعینات پرائیویٹ سٹاف خود کو پٹواری ظاہر کرتے ہوئے عوام الناس سے انتقالات کے اندراج اور فردات کے جاری کرنے کی مد میں منہ مانگی رشوت وصولی کر رہا ہے ،شہر ی محمد اقبال،عمر گوندل،عمر علی،ارسلان حسین نے الزام عائد کیا کہ پٹوار سرکل چوہنگ خورد کیراں میں علی شاہ ،گواہا میں مرتضی اور سیجپال میں جعلی پٹواری ،منشی شہریوں سے انتقالات کے اندراج اور فرد برائے ملکیت کے حصول کے لئے 3000سے 5000ہزار روپے رشوت وصول کر رہے ہیں حالانکہ رجسٹری کی پاسنگ کے دوران ہی رجسٹریشن برانچ میں 500روپے انتقال فیس جمع کروا دی گئی ہے اس کے علاوہ انتقال وراثت کے حصول کے لئے 20ہزار روپے طے شدہ رشوت وصول کی جارہی ہے ،شہری وارث حسین،علی احمد،خرم شہزار،نوید ڈوگر اور محمد شکیل نے مزید آگاہی دی ہے پرائیویٹ عملہ اتنا با اثر ہے کہ اصل پٹواریوں کے دستخط بھی خود کر رہا ہے اور خود کو علاقہ کا پٹواری ظاہر کر رہا ہے احسان ڈوگر،ذیشان حیدر،لیاقت علی بھٹی اور رومیل اسحاق نے الزام عائد کیاکہ قانون گوئی کینٹ کی حدود میں آنے والے پٹوار سرکل میں رشوت کے بغیر کام کروانا ناممکن ہوچکا ہے ،اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ٹریننگ پر گئے ہوئے ہیں جس کے باعث اس پرائیویٹ سٹاف کو کوئی بھی جگا ٹیکس وصولی سے نہیں روک رہا ،شہریوں کی کثیر تعداد نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب انور رشید ،اسسٹنٹ کمشنر کینٹ راؤ امتیاز اور تحصیلدار کینٹ سجاد احمد قریشی سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ پٹوارخانہ جات سے فوری طور پر پرائیویٹ اور جعلی پٹوار مرتضی ،علی شاہ،اختر میو اور شاہد کو باہر نکال دیا جائے ،پرچہ رجسٹری کی فوری ویری فکیشن کروائی جائے ،ریکارڈ کی چھان بین کروائی جائے اور رشوت وصولی کے خلاف باقاعدہ پرائیویٹ عملہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -