پاکستان فلم انڈسٹری ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،مہیش بھٹ

پاکستان فلم انڈسٹری ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،مہیش بھٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)بالی ووڈکے معروف فلم ڈائریکٹر مہیش بھٹ نے کہا ہے کہ میں ہمایوں سعید کی دعوت پر ان کی فلم’’جوانی پھر نہیں آئے گی‘‘کے پریمئرمیں شرکت کے لئے آیا ہوں میں نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ دونوں ممالک کو پیار اور محبت کو فروغ دینا چاہیے ۔وہ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر بھارت کی نامور فلم رائٹر شگفتہ رفیقی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔مہیش بھٹ نے کہا کہ اس وقت پاکستان فلم انڈسٹری ترقی کی جانب گامزن ہے اور میں اس کو سپورٹ کرنا چاہتا ہوں۔اب ماضی کو بھلا کر ہمیں اچھے مستقبل کی جانب پیش قدمی کرنا ہوگی ۔میں اور شگفتہ رفیقی پاکستان میں اپنے قیام کے دوران اپنی پنجابی فلم’’دشمن‘‘کے چند اہم کرداروں کے لئے اداکاروں کو بھی فائنل کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں مہیش بھٹ نے کہا کہ شگفتہ رفیقی ’’دشمن‘‘کو لکھنے کے ساتھ ساتھ اس کو ڈائریکٹ بھی کریں گی۔ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور میں نے ہمیشہ اپنی فلموں میں اس ٹیلنٹ کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا ہے۔میرا ایک اچھی اداکارہ ہے اس نے کچھ دن قبل فون کرکے مجھ سے کام مانگا تھا میں اسے کہا ہے کہ جب بھی تمارے مطابق کوئی رول ہوگا تو تمہیں ضرور کاسٹ کروں گا۔شگفتہ رفیقی نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ محبت اور پیار ملا ہے ہماری فلم میں پاکستانی اور بھارتی فنکار کام کریں گے مختلف کرداروں کے لئے ہمارے ذہن میں اداکار ہیں ان میں سے کون فائنل ہوگا یہ کہنا قبل از وقت ہے۔مہیش بھٹ اور شگفتہ رفیق لاہور میں تین دن قیام کریں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -