سندھ کیطرح پنجاب میں بھی کرپشن کے میگا سکینڈلز سامنے آئیں گے،جمشید چیمہ

سندھ کیطرح پنجاب میں بھی کرپشن کے میگا سکینڈلز سامنے آئیں گے،جمشید چیمہ

  

لاہور( سٹی رپورٹر) تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ احتساب کا شفاف عمل شروع ہوا تو سندھ کی طرح پنجاب میں بھی کرپشن کے میگا سکینڈلز سامنے آئیں گے ،موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو ترقی کے نہیں بلکہ تنزلی اور کرپشن کے’’ رن وے ‘‘ پر ڈال دیا ہے ،(ن) لیگ نوشتہ دیوار پڑھ لے اس کے جعلی سروے عوام کوبلدیاتی اور ضمنی انتخابات میں اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کر سکتے ۔اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ رانا مشہود کس کے ’’رائٹ ہینڈ ‘‘ ہیں سب اس سے آگاہ ہیں اور اگر احتساب کرنے والے ادارے ’’ سرے‘‘ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تو بڑے بڑے پردہ نشینوں کے نام آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ملک نے ترقی کی اور نہ ہی عوام کی حالت زار میں تبدیلی آئی بلکہ (ن) لیگ اور انکے حواریوں نے دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کی ۔ چھ ماہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا گیا لیکن بجلی بنانے کے منصوبے صرف اخبارات میں اشہارات تک محدود ہیں ۔ نندی پور پاور منصوبے نے حکمرانوں کی ’’ تجربہ کاری ‘‘ کا سارا پول کھول کر رکھ دیا ہے ۔ وزیر خزانہ پاکستان کو ترقی کے رن وے پر ڈالنے کے دعوے کر رہے ہیں در حقیقت پاکستان کو تنزلی اور کرپشن کے ’’رن وے ‘‘پر ڈال دیا گیا ہے ۔

  انہوں نے کہا کہ عوام نے این اے 122سمیت دیگر حلقوں میں ہونے والے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کیلئے اپنا فیصلہ کر لیا ہے حکومت کے جعلی سروے عوام کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -