مسلم ٹاؤن، 2ون ویلرز کی موتر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں، دونوں موقع پر ہلاک

مسلم ٹاؤن، 2ون ویلرز کی موتر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں، دونوں موقع پر ہلاک

  

لاہور (کر ائم سیل )مسلم ٹاؤن میں 2 ون ویلروں کی آپس میں ٹکر ، دونوں ہی جاں بحق ہو گئے ۔پولیس نے دونوں نوجوانوں کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں۔نمائندہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے متوفیوں کے رشتہ داروں ،اہل خانہ اور اہل علاقہ نے بتایا کہ نسبت روڈ گو المنڈی کا رہائشی 30 سالہ ملک احتشام اور چوک عاشق آباد اچھرہ کا رہائشی 25 سالہ ارشد حسین مسلم ٹاؤن انڈر پاس شاہ دی کھوئی کے قریب صبح سویرے ون ویلنگ کرتے ہوئے کرتب دکھا رہے تھے اسی دوران ارشد کی موٹر سائیکل قابو سے باہر ہو گئی اور احتشام کی موٹر سائیکل سے جا ٹکرائی ۔ٹکر اس قدر شدید تھی کہ دونوں نوجوان کئی گز تک سڑک پر گھسٹتے چلے گئے ۔دونوں نوجوانوں کے سر پر شدید چوٹیں آئیں ۔موقع پر موجود دوستوں نے انہیں سنبھالتے ہوئے ریسکیو 1122کو اطلاع دی لیکن ان کے پہنچنے سے پہلے ہی دونوں نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے ۔اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے دونوں نوجوانوں کی نعشوں کو ورثا کے کہنے پر ضروری کارروائی کے بعد ان کے حوالے کر دیا۔جبکہ حادثہ والی دونوں موٹر سائیکلیں قبضہ میں لے لیں۔

مزید :

علاقائی -