شہدا ء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی ، ملک دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے پاک ہو گا ، شہباز شریف

شہدا ء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی ، ملک دہشتگردوں کے ناپاک وجود ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں پاکستان ایئر فورس کے کیمپ پر حملے کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی ہے وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اورزخمی ہونے والوں کیلئے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ مسجد کے اندر نمازیوں پر حملہ انتہائی بزدلانہ فعل ہے اور نمازیوں کو نشانہ بناناسفاکی کا بدترین واقعہ ہے۔ دہشت گردوں نے نمازیوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت اور درندگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا کر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیاہے اور قوم کو پاکستان کی بہادر افواج پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمہ کے لئے پوری قوم متحد ہے اور قوم کے اتحاد اور عزم کی قوت سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ شہداء کا خون رنگ لائے گا اور انشاء اللہ ملک دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک ہوگا اور امن و سلامتی کا گہوارہ بنے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے توانائی سیکٹر کے معروف بین الاقوامی ادارے کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توانائی منصوبوں کی اعلیٰ معیار اور برق رفتاری سے تکمیل پر پوری توجہ دے رہے ہیں۔ منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنا ہمارا طرہ امتیاز ہے۔ منصوبوں میں شفافیت اور میرٹ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے ۔کوئی بھی لمحہ ضائع کئے بغیرتوانائی کے منصوبوں کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے ۔بین الاقوامی توانائی کمپنی کے وفد نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن اور ایکشن سے بہت متاثر ہیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شیخوپورہ کے علاقے بھیکی میں گیس سے بجلی کا کارخانہ لگانے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے مخلصانہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور پنجاب میں گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ گیس سے 1200 میگاواٹ کا منصوبہ پنجاب حکومت جبکہ 2400 میگاواٹ کے منصوبے وفاقی حکومت لگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس پاور پراجیکٹ کے لئے اراضی کا حصول مکمل ہوچکاہے اورگیس پاور پلانٹ کے منصوبے سے متعلقہ امور کو تیز رفتاری سے طے کیا جائے گا۔ ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ،وقت ضائع کئے بغیر منصوبوں پر عملدرآمد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے کوریڈور کی بھی نشاندہی ہو چکی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -